اقتصادی راہداری منصوبے کے لئے مزید سیکیورٹی کا فیصلہ

اقتصادی راہداری منصوبے کے لئے مزید سیکیورٹی کا فیصلہ

  



پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پنجاب میں چین کے تعاون سے تعمیراتی منصوبوں اور وہاں کام کرنے والے چینی شہریوں کو تمام ضروری سیکیورٹی دینے کا یقین دلاتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اِس معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اِس سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے لئے مزید پانچ ہزار اہلکاروں کی بھرتی کی منظوری دی اور ہدایت جاری کی کہ بھرتی کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے۔انہوں نے اِس موقع پر بتایا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع سے فائدہ اُٹھا کر بڑی تعداد میں چینی کمپنیوں کی طرف سے سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی گئی ہے۔ شہباز شریف نے اس یقین کا اظہار کیا کہ سی پیک سے نیا اور روشن دَور شروع ہو گا۔ چین کے تعاون سے پاکستان میں تعمیراتی منصوبوں اور چینی شہریوں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے لئے فوری طور پر پانچ ہزار اہلکار بھرتی کرنے کا فیصلہ انتائی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ فیصلہ اِس بات کا ثبوت بھی ہے کہ مذکورہ بالا معاملات میں سخت حفاظتی انتظامات کے لئے وفاق اور حکومت پنجاب اپنی ذمہ داریوں سے اچھی طرح آگاہ ہے اور قوی امید کی جا سکتی ہے کہ کوئی کمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایسا یقینی طور پر ہونا چاہئے ، کیونکہ پاک چین تعلقات بہت مضبوط دوستی کی شکل اختیار کر چکے ہیں اور غیر معمولی معاشی رشتوں کے حوالے سے دونوں ملکوں کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔

یہ بات ذہن میں رکھی جائے کہ امریکہ اوراس کے حواری ملکوں کے علاوہ ہمسایہ مُلک بھارت (ازلی سازشی اور دشمن) اقتصادی راہداری منصوبے کو اپنے مفادات کے خلاف قرار دیتے ہوئے مسلسل مخالفت کر رہے ہیں۔ بنیادی طور پر امریکہ اور بھارت کو اس خطے میں چین کی مضبوط پوزیشن ہرگز برداشت نہیں۔ اقتصادی راہداری منصوبے کو نقصان پہنچانے اور چینی باشندوں کے اغوا کی سازشیں کسی بھی وقت ہو سکتی ہیں۔ ماضئ قریب میں کچھ مذموم کوششیں ہوئی بھی ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ حفاظتی انتظامات کو فول پروف بنانے کے ساتھ عظیم دوست مُلک چین کی حکومت اور عوام کو یہ عملی طور پر باور کرایا جائے کہ پاکستان کی طرف سے اِس معاملے میں کوئی کوتاہی نہیں ہو گی اور مخالف قوتوں کو مُنہ کی کھانی پڑے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پچھلے دِنوں چین کے دورے کے دوران چینی قیادت، سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں سے تفصیلی اہم ملاقاتیں کیں، جبکہ گزشتہ روز ہی انہوں نے(وزیراعلیٰ شہباز شریف) پاکستان میں چین کے سفیر سن ویڈانگ سے بھی ملاقات کر کے ضروری اقدامات پر تبادلۂ خیالات کیا۔ یہ کہنا درست ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے اس خطے میں معاشی انقلاب یقینی ہے اور لوگوں کا معیارِ زندگی حیرت انگیز طور پر بلند ہو گا۔ اس معاملے میں واقعی کسی قسم کی کمی نہیں ہونی چاہئے۔

مزید : اداریہ


loading...