ملک صحیح سمیت گامزن ،اکنامک کوریڈراور تو انائی منصوبوں کی تکمیل سے ملک اقتصادی طور پر ترقی کرے گا:صدر ممنون حسین
کوئٹہ (نیوز ڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک صحیح سمیت گامزن ہے اور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈر پراجیکٹس بشمول توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے ملک اقتصادی طور پر ترقی کرے گا۔
گورنر ہاؤس کوئٹہ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹرینز، معززین اور سرکاری اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف ایک مدبر رہنما ہیں جو پاکستان کی ترقی کیلئے صحیح اقدامات کر رہے ہیں، ٹھوس پالیسیوں کے باعث ملک تیزی سے ترقی کر رہا ہے، عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کی معاشی کامیابیوں کی بجا طور تعریف کی ہے اور پاکستان کو ایک ابھرتی ہوئی منڈی قرار دیا گیا ہے جو ملک کے مستقبل کیلئے خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 23 ارب ڈالر ہو گئے ہیں اور حکومت نے ماضی کی حکومتوں کے بھاری غیر ملکی قرضے کو اتارنے کیلئے آئی ایم ایف کے قرضوں کا منصفانہ استعمال کیا۔ صدر نے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کو پاکستان بالخصوص بلوچستان کیلئے ایک بڑی نعمت قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ بلوچستان سمیت ملک کے تمام علاقے ترقی کرینگے اور لوگوں کے معیار زندگی کی بہتری کے ساتھ خوشحالی آئے گی۔ صدر نے کہا کہ ماضی میں بدعنوانی کی وجہ سے پاکستان معاشی ترقی نہ کر سکا۔ انہوں نے پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ کرپشن کیخلاف جہاد کریں اور وہ بدعنوانی کو کسی صورت برداشت نہ کریں اور اس کا خاتمہ کریں۔ صدر نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت کے دور میں بدعنوانی کا کوئی بڑاسکینڈل سامنے نہیں آیا ۔