آن لائن ایڈمیشن سسٹم کے تحت 15روز میں 90ہزار درخواستیں موصول ہو ئیں،ڈاکٹر عمر

آن لائن ایڈمیشن سسٹم کے تحت 15روز میں 90ہزار درخواستیں موصول ہو ئیں،ڈاکٹر عمر

  



لاہور(اپنے نمائندہ سے) چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ آن لائن کالج ایڈمیشن سسٹم کے تحت دو ہفتے میں تقریباً 90ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس مرکزی نظام کے تحت رواں سال صوبہ بھر کے705کالج آن لائن درخواستیں وصول کر رہے ہیں جس کے لئے پی آئی ٹی بی کو ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور ڈائریکٹوریٹ پبلک انسٹرکشن کی معاونت حاصل ہے۔ڈاکٹر عمر سیف نے مزید بتایا کہ مرکز ی سسٹم کا کنٹرول ہر کالج کے پرنسپل کے پاس بھی ہے۔ طالب علم کو داخلے کے لئے ہر کالج میں جا کر درخواست جمع کرانے کی ضرورت نہیں بلکہ وہ گھر بیٹھے ہی آن لائن دیا گیا داخلہ فارم پُر کرتا ہے اور 25روپے کی معمولی فیس پنجاب بینک میں جمع کرا کے داخلے کے لئے اہل ہو جاتا ہے۔

جس کالج میں اس کا میرٹ بنتا ہے اس میں اسے داخلہ مل جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آن لائن داخلوں کا نظام2011ء میں شروع ہوا تھا اور اب تک کل ساڑھے سات لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید نظام سے نہ صرف لاکھوں طلبا وطالبات مستفید ہو رہے ہیں بلکہ کالجوں کو بھی کافی آسانی ہو گئی ہے اور انہیں طویل کاغذی کارروائیوں سے نجات مل گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تاحکمِ ثانی آن لائن داخلوں کا عمل جاری رہے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...