ڈی سی ریٹ لسٹ کا معاملہ گھمبیر ، رجسٹریشن برانچیں غیر معینہ مدت کیلئے بند سائل دربدر

ڈی سی ریٹ لسٹ کا معاملہ گھمبیر ، رجسٹریشن برانچیں غیر معینہ مدت کیلئے بند ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(اپنے نمائندے سے)فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ویب سائٹ پر ظاہر کی جانے والی ڈی سی ریٹ لسٹ نے صوبے بھر کے ڈسٹرکٹ کلکٹر ز کو ذہنی کوفت سے دوچار کر دیا ،رجسٹریشن ایکٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے ظاہر کی جانے والی ریٹ لسٹ صوبائی ڈسٹرکٹ کلکٹر سمجھنے سے قاصر ہو گئے ،صوبائی دارالحکومت کی رجسٹریشن برانچیں غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دی گئیں،رجسٹریشن برانچوں میں آئے سائلین افسران کی ناسمجھی اور رجسٹریشن برانچیں بند ہونے کی وجہ سے افراتفری کا شکار حکومتی فیصلوں کو کوستے نظر آئے ،پراپرٹی کا کاروبار شدید بحران کا شکار ہوگیا،تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے یکم جولائی 2016کو نافذ ہو نے والا فنانس ایکٹ عوام الناس کے ساتھ پراپرٹی کے کاروبار سے وابستہ افراد کے لئے زحمت بن کر آیا ہے ۔صوبائی دارالحکومت سمیت پورے پنجاب میں پرانے ڈی سی ریٹ کو منسوخ کرکے نئے ٹیکسوں کے ساتھ ڈی سی ریٹ کو نافذ کیا گیا ہے جس کو باقاعدہ طور پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اپنی ویب سائٹ پر بھی اپ ڈیٹ کیا ہے ۔ نوٹیفکیشن کے بغیر اپ ڈیٹ کی جانے والی ڈی سی ریٹ لسٹ اور پراپرٹی کی قیمتوں میں آنے والی کمی بیشی کو پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ کلکٹر ز سمجھنے سے قاصر ہیں ۔موجودہ بحرانی صورتحال میں صوبائی دارالحکومت کے 9ٹاؤنز کی تما م رجسٹریشن برانچوں کو حتمی فیصلہ تک غیر معینہ مد ت تک بند کر دیا گیا ہے ۔رجسٹریشن برانچوں میں اپنی دستاویزات کی پرمیشن اور پاسنگ کے لئے آنے والے سائلین بھی شدید پریشانی کا شکار نظر آئے ۔ ۔آسمان سے باتیں کرتی ہوئی قیمتوں نے پراپرٹی ڈیلروں ،خریداروں اور انوسٹرز کو بھی اس کاروبار سے ہاتھ کھینچنے پر مجبور کر دیا ہے ۔پراپرٹی کے کاروبار سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نئے نافذہونے والے فنانس ایکٹ پر نظر ثانی کی جائے ۔حکومتی ریونیو کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے چکر میں ان کے کاروباروں اور زندگیوں کو تباہ نہ کیا جائے ۔