وزیر اعلیٰ نندی پور پاور پراجیکٹ کا دورہ کیوں نہیں کرتے،ڈاکٹر نوشین حامد
لاہور( پ ر) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ وزیر اعلی نے ساہیوال پاورپراجیکٹ کا دورہ تو کرلیا وہ نندی پور پاور پراجیکٹ کا دورہ کیوں نہیں کرتے ، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب بتائیں کہ نندی پور پاور پراجیکٹ سے فی یونٹ کتنے روپے میں بجلی پیدا ہورہی ہے اور قائد اعظم سولرپاور پلانٹ کی کارکردگی کیا ہے ، انہوں نے کہاکہ ہر پراجیکٹ کا ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے کا دعوی کرنے والے بتائیں کہ سستی روٹی سکیم ،پنجاب فوڈ سٹیمپ سکیم اور یوتھ سکیم جیسے منصوبے کیوں بند ہوگئے ہیں ،حکومت ان منصوبوں کو چلانے میں کیوں ناکام ہوئی ،ساہی وال کول پاور پراجیکٹ کا ساٹھ فیصد کام مکمل ہونے کا اعلان کرنے والے یہ بھی بتائیں کہ دیگر منصوبوں پر اب تک کیا پیش رفت ہوئی ہے ۔