افغانستان میں ہنگامی لینڈ نگ کرنیوالا پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر طالبان نے پکڑ لیا ، عملہ یرغمال

افغانستان میں ہنگامی لینڈ نگ کرنیوالا پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر طالبان نے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کابل،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان کے صوبہ لوگر میں پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر نے کریش لینڈنگ کی ہے جب کہ اس میں موجود ایک غیر ملکی سمیت 6پاکستانیوں کو طالبان نے یرغمال بنالیا ہے۔تفصیلات کے مطابق طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان کے جنوب میں واقع صوبہ لوگر کے ضلع آذرا میں پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کو کریش لینڈنگ کے بعد افغان طالبان کی جانب سے آگ لگا دی گئی ہے ہیلی کاپٹر میں عملے کے 7 ارکان سوار تھے،پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کو اوورہالنگ کیلئے ازبکستان لے جایا جارہاہے تھا کہ راستے میں افغانستان کی حدود میں ہیلی کاپٹر کے ساتھ حادثہ پیش آ گیااور کریش لینڈنگ کروانی پڑ گئی۔افغانستان سے تعلق رکھنے والے ایک فری لانسر جرنلسٹ احمت یار کا کہنا ہے کہ ایک ہیلی کاپٹرجنوبی حصے میں گرا ہے۔ہیلی کاپٹر میں سوار عملے کے 7 ارکان کو طالبان کی جانب سے تحویل میں لے لیا گیاہے جن میں ایک روسی جبکہ 6 پاکستانی شامل ہیں۔نجی ٹی وی دنیا نیوز کا کہناہے کہ ہیلی کاپٹر کا نمبر اے پی بی ڈی جی ایف ہے اور پنجاب حکومت نے یہ ہیلی کاپٹر ازبکستان سے خریدا تھا۔ہیلی کاپٹر نے صبح 8 بج کر 45 منٹ پر پشاور سے ٹیک آف کیا تھا اور اس نے ازبکستان کے شہر بخارا جانا تھا۔ ہیلی کاپٹر میں 6 افسروں سمیت 7 افراد سوار تھے، جن میں چیف پائلٹ کرنل (ر) صفدر، کو پائلٹ کرنل (ر) شفیق، میجر (ر) صفدر، انجینئر لیفٹیننٹ کرنل (ر) ناصر، حوالدار کوثر، داؤد اور روسی باشندہ سرگئی سواستونوف شامل ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ کے مطابق ہیلی کاپٹر کو اوور ہالنگ کے لئے بھجوایا گیا تھا۔ پنجاب حکومت نے معاملے پر اعلیٰ فوجی قیادت اور وفاق سے رابطہ کیا ہے۔ ادھر دفتر خارجہ کا کہنا ہے افغان فضائی حدود استعمال کرنے کی پیشگی اجازت لی تھی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل نکلسن سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے اور مغوی عملے کی بازیابی کیلئے تعاون کی درخواست کی۔ جنرل نکلسن نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو ہر ممکن مدد اور تعاون کا یقین دلایا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مغویوں کی بازیابی کیلئے افغان حکومت اور افغان نیشنل آرمی کی قیادت سے بھی رابطے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -