راجناتھ سنگھ کی وطن واپس پہنچتے ہی وزیراعظم مودی سے ملاقات

راجناتھ سنگھ کی وطن واپس پہنچتے ہی وزیراعظم مودی سے ملاقات

  



نئی دہلی ( اے این این ) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی پاکستان سے واپسی کے فوری بعد وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات، دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے پاکستان سے وطن واپس پہنچتے ہی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے ا نہیں اپنے دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں بھی اپنے دورے سے متعلق حقائق پیش کرینگے ۔ انہوں نے کہاکہ دورے کے دوران انہوں نے بھارت کا نکتہ نظر پیش کیا ہے اور سارک وزرائے داخلہ کانفرنس سے ان کے خطاب کے بارے میں تمام معلومات لی جاسکتی ہیں جو منظر عام پر ہیں۔ادھربھارتی میڈیا نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان نے سارک کانفرنس سے راج ناتھ سنگھ کے خطاب کا بلیک آؤٹ کیا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا نے دعویٰ کیا کہ نہ صرف بھارتی میڈیا بلکہ پاکستان کے نجی چینلوں کو بھی راج ناتھ سنگھ کا خطاب نشر کرنے سے روکا گیا تاہم بھارتی حکومت کے ذرائع نے میڈیا کے اس الزام کو مسترد کردیا۔ بھارتی حکومت کے ذرائع نے کہا کہ راج ناتھ سنگھ کے خطاب کا بلیک آؤٹ کرنے کے حوالے سے میڈیا کی رپورٹ گمراہ کن ہے ۔ حکومتی ذرائع نے و اضح کیا کہ سارک کانفرنس کی پوری کارروائی کیمرے پر دکھائی گئی اور مسائل پر سیر حاصل بات چیت ہوئی ۔

مزید : صفحہ اول


loading...