ہائیکورٹ میں ججوں کی 13خالی اسامیوں پرتعیناتیوں کیلئے درخواست دائر
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہو رہائیکورٹ میں ججوں کی 13خالی اسامیوں پرتعیناتیوں کے لئے آئینی درخواست دائر کر دی گئی۔ یہ درخواست ایم ایچ مجاہد نامی شہری نے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 192کے تحت ہائیکورٹ کے ججز کی اسامیاں خالی نہیں رکھی جا سکتیں، اگر ہائیکورٹ کے ججز کی اسامیاں مکمل نہیں ہوں گی تو سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کے مطابق اسے ہائیکورٹ نہیں کہا جا سکتا، درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے ججز کی آئینی تعداد 60ہے لیکن اس وقت 47ججز کام کر رہے ہیں جو قانون کی خلاف ورزی ہے، درخواست میں وزارت قانون اور محکمہ قانون پنجاب کو فریق بناتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے ججز کی خالی اسامیاں جلد مکمل کرنے کا حکم دیا جائے اور ملک بھر سے وکلاء کو ہائیکورٹ کے جج کے لئے درخواست دینے کی اجازت دی جائے ۔