جنرل پوسٹ آفس میں 74لاکھ روپے کا فراڈ کرنیوالے ملزم کی درخواست ضمانت پر نیب سے دو ہفتوں میں جواب طلب
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے جنرل پوسٹ آفس میں 74لاکھ روپے کا فراڈ کرنے والے ملزم کی درخواست ضمانت پر نیب سے دو ہفتوں میں تفصیلی جواب طلب کر لیاہے۔جسٹس انوار الحق کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ملزم مظہر شکیل کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیب پنجاب نے جنرل پوسٹ آفس اوکاڑہ میں 74لاکھ روپے کے سکینڈل میں درخواست گزار کو کئی ماہ سے گرفتار رکھا ہے جبکہ نیب کے پاس کرپشن سکینڈل کے کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود احتساب عدالت نے درخواست گزار کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے، انہوں نے استدعا کی کہ درخواست گزار کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے جس پرعدالت نے نوٹسز جاری کرتے ہوئے نیب سے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیاہے۔