لاہور، اسلام آباد، پشاور، فیصل آباد اور کراچی سے سرکاری حج سکیم کی پہلی پروازیں حجاز مقدس پہنچ گئیں

لاہور، اسلام آباد، پشاور، فیصل آباد اور کراچی سے سرکاری حج سکیم کی پہلی ...

  



اسلام آباد ،کراچی،پشاور،فیصل آباد،جدہ (ڈویلپمنٹ سیل، بیورو رپورٹ ) لاہور،اسلام آباد، پشاور، فیصل آباداور کراچی سے سرکاری حج سکیم کی پہلی فلائٹس حجاز مقدس پہنچ گئیں، پہلی پرواز 328عازمین کو لے کر اسلام آباد سے حجاز مقدس روانہ ہوئی ٗ کراچی اور لاہورسے بھی حج پروازوں کا سلسلہ شرو ع ہو گیا ٗ پہلی فلائٹس کے عازمین کو اسلام آباد سے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے الوداع کیا جبکہ اقبال ظفر جھگڑا نے پشاور ائیرپورٹ ،سردار غلام مرتضیٰ جتوئی نے کراچی ائیر پورٹ جبکہ خواجہ عمران نذیر نے لاہور ائیرپورٹ اور محمد خان کھجی نے فیصل آباد ائیرپورٹ سے عازمین حج کو الوداع کیا اور پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعاوُں کی درخواست کی ۔ تمام اہم شہروں کے ائیرپورٹس پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت پہلی حج پرواز اسلام آباد سے 328 اور کراچی سے 320 عازمین کو لے کر روانہ ہوئی ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور پاکستان میں تعینات ڈپٹی سعودی سفیر ماروان رضوان نے عازمین کو رخصت کیا۔۔ اس موقع پر عازمین کے عزیزو اقارب کی بڑی تعداد بھی ائیرپورٹ پر موجود تھی۔اس موقع پر وزیر مذہبی امور سردار یوسف کا عازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عازمین کی روانگی کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے ہیں، عازمین کو بہترین سہو لیات فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حجاز مقدس جانے والے تمام شہری سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر ہیں، اس لئے کوشش کریں کہ پاکستان کی عزت اور حرمت پر کوئی آنچ نہ آئے۔ دوسری جانب سعودی سفیر ماروان رضوان کا کہنا تھا کہ حج کے انتظامات 6 ماہ قبل مکمل کر لئے تھے، مکہ اور مدینہ صرف سعودی شہریوں کے لئے نہیں پوری دنیا کے مسلمانوں کے لئے مقدس جگہ ہے جب کہ ایران کے حجاج ہماری نہیں ان کی حکومت کہ وجہ سے نہیں جا رہے۔اسلام آباد کے علاوہ کراچی سے نجی ائیر لائن کی پہلی پرواز 320 عازمین کو لیکر روانہ ہوئی جب کہ لاہور سے بھی نجی ایئرلائن کی پرواز 217 عازمین کو لیکر مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوئی۔حج فلائٹ آپریشن کے پہلے روز اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور فیصل آباد سے 4 ایئر لائنوں کے ذریعے ایک ہزار 994 عازمین سعودی عرب پہنچیں گے جب کہ حج آپریشن 4ستمبر تک جاری رہے گا۔ اس سال ایک لاکھ سے زائد عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔ مدینہ منورہ سے محمد اکرم اسد کے مطابق پاکستان کی پہلی حج پروز جمعرات کی صبح مدینہ منورہ کے ہوائی اڈے پر پہنچی۔ نجی ائیرلائن کی پرواز 320 حجاج کو کراچی سے لے کر یہاں پہنچی، جہاں پاکستانی حج مشن کے اراکین ڈائریکٹر جنرل حج ساجد یوسفانی اور حج مشن کے دوسرے افسران نے ان عازمین حج کا استقبال کیا اور انہیں پھول پیش کئے۔ ڈائریکٹر جنرل حج نے عازمین صحت اور سفر کے بارے میں عازمین سے معلومات لیں۔ اس موقع پر ساجد یوسفانی نے عازمین سے کہا کہ وہ اپنا زیادہ وقت عبادت الہٰی میں گزاریں اور اس وقت غنیمت جانیں اور کوئی لمحہ بھی یاد الہٰی سے غافل نہ رہیں۔

عازمین روانگی

مزید : صفحہ آخر


loading...