جشن آزادی کی تقریبات کی تیاریاں شروع، تقریری و ملی نغموں کے مقابلوں کا انعقاد
ملتان، خانیوال، قصبہ بصیرہ، میر ہزار خان، احمد پور شرقیہ، رحیمیار خان (خبرنگار ، سٹاف رپورٹر، نمائندگان) سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ملتان نے ضلع بھر کے تمام ٹاؤنز کو جشن آزادی جوش و جذبے اور بھر پور طریقے سے منانے بارے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ضلعی حکومت کی طرف سے (بقیہ نمبر35صفحہ7پر )
شاہ رکن عالم ٹاؤن، شیر شاہ ٹاؤن، موسیٰ پاک ٹاؤن، بوسن ٹاؤن، شجاع آباد ٹاؤن اور جلالپور پیر والہ ٹاؤن کو جاری کی گئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ 14اگست کو یوم آزادی کے سلسلے میں پر ٹاؤن چراغاں کا اہتمام کرے۔ جھنڈیاں لگائی جائیں۔ دفاتر میں خصوصی صفائی کروانے کیساتھ تقریبات منعقد کی جائیں۔ واضح رہے کہ صوبائی حکومت کی طرف سے صوبہ بھر کے تمام محکموں کی جشن آزادی بھر پور اور شان شایان طریقے سے منانے بارے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ محکمہ تعلیم سمیت مختلف ادارے جشن آزادی نئے طریقے سے منائیں گے ‘معلوم ہوا ہے کہ اس حوالے سے ٹرک ‘ٹریلرز اور ڈالے سجائے جائیں گے ‘ان پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے ‘ جھنڈیاں لگائی جائیں گی ‘ سٹیکر لگائے جائیں گے ‘ طلبا سجائے گئے ٹرکوں‘ٹریلرز اور ڈالوں پر شہر کا چکر لگائیں گے ‘ ان گاڑیوں پر جشن آزادی کے ترانے اور ملی نغمے بھی چلائے جائیں گے ۔خانیوال سے بیورو نیوز، نمائندہ پاکستان، ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق ضلع خانیوال میں جشن آزادی ملی جوش و جدبے ‘ قومی یکجہتی اور شایان شان طریقہ سے منایا جائے گا ۔14اگست کو ضلعی ہیڈ کوارٹر پر صبح ڈسٹرکٹ جناح لائبریری میں پرچم کشائی اور یوم آزادی سیمینار ہوگا ۔گورنمنٹ بوائز کالج خانیوال اور گورنمنٹ کالج برائے خواتین خانیوال میں ضلعی سطح پر انگلش /اردو تقاریر ‘ ملی نغمے ‘ پوسٹر پینٹنگ ‘ کوئز اور مشاعرہ پروگرام کے مقابلہ جات منعقد ہو ں گے ۔محکمہ سپورٹس کے زیر اہتمام ضلع بھر میں 8سے 14اگست تک مختلف کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا ۔جشن آزادی کے حوالے سے محکمہ سماجی بہبود کے زیر اہتمام 10سے 14اگست تک ضلع بھر کی چاروں تحصیلوں میں محکمہ سماجی بہبود اور مختلف این جی اوز کے زیر اہتمام یوم آزادی سیمینارز ‘ نمائش اور تقریری مقابلہ جات منعقد ہونگے ۔محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام سکولوں میں قرآت ‘ نعت خوانی ‘ مباحثے اور ملی نغموں کے مقابلہ جات منعقد ہو نگے ۔محکمہ سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122کے اشتراک سے فائر فائٹنگ کا مظاہرہ ہوگا ۔ اسسٹنٹ کمشنر خانیوال کی سرپرستی میں یوم آزادی کے موقع پر ثقافتی شو کے حوالہ سے فوک میوزک اور بچوں کا میلہ منعقد ہوگا ۔محکمہ صحت کے زیر اہتمام جشن آزادی ہیلدی بے بی کمپٹیشن ‘ محکمہ زراعت اور جنگلات کے اشتراک سے شجر کاری مہم کا آغاز کیا جائے گا اور محکمہ زراعت کی طرف سے پھلوں اور سبزیوں کی نمائش کی جائے گی ۔ ڈی سی او زید بن مقصود اور اے ڈی سی فریحہ تحسین شہدا ء کی قبروں پر پھولوں کی چادریں‘ ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی ‘ درجات کی بلندی اور بخشش و مغفرت کے لیے دعا کریں گے ۔دریں اثناء گورنمنٹ گرلز حسن ماڈل سکول میں یوم آزدای کے سلسلہ میں تقاریر اور ملی نغموں کے مقابلہ جات کا انعقاد ہوا ۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر (زنانہ) مسزخورشید سعید تھیں۔ ان کے ہمراہ اے ای اوسلین سموئیل ، شگفتہ رانا ،عظمی روبینہ اختر ، نسیم اختر، فریحہ صابر، بدر خاتون ، نگہت خالدبھی موجود تھیں ۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پا ک سے ہوا یہ سعادت صباء حسنین نے حاصل کی ۔ نعت رسول مقبولؐکی سعادت اُمیہ فروانے حاصل کی اس کے بعد باقاعدہ مقابلوں کا آغاز ہوا۔ ان مقابلوں میں مرکز خانیوال اور کچا کھوہ کے تقریری مقابلوں میں 20سکولوں نے حصہ لیا جبکہ ملی نغموں میں 25سکولوں نے حصہ لیا ۔ ججز کے فرائض برائے تقاریر کشور سردار، یاسمین ایوب اور ناہید اختر جبکہ ملی نغموں کے ججز رخسانہ ، آمنہ بتول اور نرگس اختر نے سرانجام دےئے ۔ ججز کے فیصلے کے مطابق تقریری مقابلوں میں فسٹ سحرین ، سیکنڈ اُمیہ حبیبہ جبکہ تھرڈ علیشہ اشرف قرار پائیں۔ اور ملی نغموں میں اوّل سمرین ، دوئم اُمیہ حبیبہ اور تھرڈ فضاء حبیب قرار پائیں۔ مہمان خصوصی ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر(زنانہ ) مسز خورشید سعید نے کامیاب طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔ کمپئر نگ کے فرائض صوبیہ نے سرانجام دےئے تقریب کے آخر میں طالبات اور مہمان گرامی میں قومی ترانہ پڑھا اور ملک قوم کی سلامتی کے لئے دعاکی اس طرح یہ خوبصورت تقریب اپنے اختتام کو پہنچی ۔قصبہ بصیرہ سے نامہ نگار کے مطابق بدھ سٹی میں چھ اگست سے جشن آزادی سپورٹس فیسٹول کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔فیسٹول کا افتتاح چھ اگست ہفتہ شام چار بجے پی ٹی آئی کے راہنما اور امیدوار برائے این اے177صدام حسین سکھیرا کریں گے۔میرہزارخان سے نامہ نگار کے مطابق ملک کے دیگر حصوں کی طرح ملک اپنی محبت کے بھر پور اظہار کے لئے میرہزار خان بھی جشن آزادی کی تیاریاں شروع ہو گئیں ہیں ۔میرہزار خان کے تعلیمی اداروں نے اس بار آزادی کی تقریبات شاندار طریقے سے منانے کیلئے جذبہ حب الوطنی سے کام کر رہے ہیں ۔اور فیڈریشن آف سکولز کے بینر تلے اس مرتبہ میرہزار خان کے تمام تعلیمی ادارے ایک بڑی عظیم الشان ریلی کا انعقاد کرنے جا رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ملک اقبال اور اصغر لغاری نے کیا ۔انہوں نے مذید کہا کہ ا س عظیم الشان ریلی کی قیادت ضلعی صدر جعفر حسین بھٹہ کریں گے ۔ احمدپورشرقیہ سے سٹی رپورٹر کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) لیبر ونگ پنجا ب کے ایڈیشنل اطلاعات ڈاکٹر میاں صدیق آثم نے صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے کہا ہے کہ لیبرونگ کے زیر اہتمام جشن آزادی کے مو قع پر 14 اگست 2016 ء کو شام چھ بجے فرید گیٹ تاچوک فوارہ بہاولپور ’’ پاکستان زندہ باد‘‘ مشعل بردار ریلی نکالی جائے گی۔ اور اس ریلی میں ضلع بہا ولپور کی تحصیلوں احمدپورشرقیہ ، حاصلپور ‘ یزمان منڈی ، خیرپور ٹامیوالی، بہا ولپور صدر ، سٹی اور کارپوریشن کے عہدیدا ر اورکارکنا ن سمیت شہری شریک ہوں گے۔ اس مو قع پر ڈویثرنل آرگنائز ر اعجاز چنڑ، ضلعی صدر ڈاکٹر واجد بخاری، اور ضلعی جنر ل سیکرٹری محمد شفیق رحمانی بھی مو جود تھے۔ رحیم یارخان سے بیورونیوز کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کیپٹن(ر)شاہ میر اقبال نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام 69ویں آزادی یوم پاکستان کی تقریبات سابقہ روایات سے بڑھ کر بھرپور جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منائی جائیں گی اور اس سلسلہ میں تمام متعلقہ محکموں کو سول سوسائٹی، تاجر برادری اور شہریوں کے ساتھ مل کر دیدہ زیب اور رنگا رنگ پروگرام ترتیب دینا ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی تقریبات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ای ڈی او ایجوکیشن رانا محمد اظہر، ڈی او سپورٹس اشفاق احمد، ڈی او سول ڈیفنس علی رضا، ایکسین ٹی ایم اے قمر عباس سمیت دیگر محکموں کے افسران موجو دتھے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات اور ڈی سی اوکیپٹن(ر)محمد ظفر اقبال کی ہدایات کے مطابق رواں یوم آزادی میں شہریوں کی بھر پور شرکت یقینی بنائی جائے اور خاص طور پر شہداء کی یادگار اور ان کے ورثاء کے لئے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 13تا14اگست کو پرانی غلہ منڈی میں فوڈ اسٹریٹ قائم کی جائے ۔اجلاس میں ڈی او سپورٹس اشفاق احمد ، ای ڈی ا وایجوکیشن رانا محمد اظہر سمیت دیگر نے یوم آزادی کے حوالہ سے تقریبات بارے مفصل بریفنگ دی۔
جشن آزادی