مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے کوششیں جاری رہیں گی :گورنر سندھ

مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے کوششیں جاری رہیں گی :گورنر سندھ

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان نے جمعرات کو گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقا ت میں جاری صورتحال سمیت دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقا ت میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہر سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں گی اس ضمن میں مختلف فورم پر مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم ، ریاستی دہشت گردی اور لا قانونیت میں ہزاروں افراد کی شہادت سے متعلق آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے آج ہر پاکستانی فکر منداور غم و غصہ کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھارتی افواج کے مظالم کے خلاف اور کشمیریوں کے حق خو د ارادیت کے لئے آواز بلند کرنا ہوگی کیونکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق حق خود اردیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اور بھارت کو کشمیریوں کو ان کا حق دینا ہوگا ۔ سردار محمد یعقوب خان نے کشمیریوں کی مسلسل حمایت پر پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس ضمن میں گورنر سندھ کے جذبات بھی سراہے جانے کے لائق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں آباد کشمیریوں کے مسائل کے حل میں بھی گورنر سندھ نے ہمیشہ مثبت کردار اداکیا ہے جس کے لئے صوبہ میں آباد کشمیری ان کے مشکور ہیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول