بھارتی وزیر داخلہ کا سارک کانفرنس چھوڑ کر چلے جانا ان کی تنگ نظری ہے مولانا فضل الرحمن
اسلام آباد ( آئی این پی ) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ کا سارک کانفرنس چھوڑ کر چلے جانا ان کی تنگ نظری ہے ، راجناتھ سنگھ نے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کی ، انہیں سارک کانفرنس پر اپنے کیے کی مذمت کرنا چاہیے تھی ۔ وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں کشیدگی بڑھتی اور کم ہوتی رہتی ہے ۔ اس وقت دونوں ملکوں میں شدت کی ناراضگی ہے ۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی بربریت کا مظاہرہ کر رہا ہے ۔ بھارت کو فراخ دلی کا مظاہرہ کرنا ہو گا ۔ بھارتی وزیر داخلہ کو چاہیے تھا کہ ہمارے تحفظات اور اعتراضات کو سنتے اگر ان کے پاس بھی کوئی دلیل تھی تو کہتے لیکن راجناتھ سنگھ کے کانفرنس ادھوری چھوڑ کر چلے جانے سے ثابت ہوا کہ بھارت کا رویہ آج بھی ویسے ہی ہے ۔ جمہوریت کے دعویدار کو بڑے پن کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا ۔