و فاقی وزیر صنعت و پیداوار پی آئی ایم کے اعلی انتظامی کورس سے خطاب کریں گے

و فاقی وزیر صنعت و پیداوار پی آئی ایم کے اعلی انتظامی کورس سے خطاب کریں گے

  



اسلام آباد)پ۔ر)پاکستان انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے زیر اہتمام ایڈوانس مینجمنٹ کورس 08 اگست سے 20 اگست تک بھوربن کے ایک نجی ہوٹل میں منعقد ہوگا۔پاکستان انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ وزارت صنعت و پیداوار کا ذیلی ادارہ ہے جو ملک میں انتظامی استعداد بڑھانے کیلئے تربیتی کورس کرواتاہے۔ متذکرہ ٹریننگ پروگرام ادارے کی جانب سے 39 واں کورس ہوگا۔ اس پروگرا م سے و فاقی وزیرصنعت و پیداوارجناب غلام مرتضی خان جتوئی بھی خصوصی خطاب کریں گے۔مذکورہ پروگرام میں ملک بھر کے نجی و سرکاری اداروں سے تعلق رکھنے والے اعلی سطح کے افسران شرکت کریں گے۔ یہ پروگرام نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنی اعلی انتظامی تربیت اور خصوصاًکم اخراجات کی وجہ سے انفرادیت رکھتاہے۔ اس اعلی تربیتی پروگرام میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے اعلی پائے کے انسٹرکٹر شرکت کریں گے۔ اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر غلام مرتضی خان جتوئی نے کہاہے کہ اس قسم کے تربیتی پروگراموں کا پاکستان میں منعقد ہونا ہمارے لیئے جہاں باعث فخرہے وہاں پاکستانی اداروں کی اعلی قیادت کو بدلتی ہوئی عالمی صورتحال اور اس کے تناظر میں پیداشدہ انتظامی چیلنجزسے نمٹنے میں مددملے گی۔ یہ پروگرام بلاشبہ پاکستانی انتظامی قیادت کی استعداد بڑھانے میں بہت ممدو معاون ثابت ہوگا۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے ڈائریکٹر عابد حسین صابری نے بتایاکہ رواں برس اس پروگرام میں انتظامی پیچیدگیوں، انوویشن ، ویب ٹیکنالوجی ، کارپوریشن انتظام کاری ، صنعتی حکمت عملی،مالیاتی تجزیہ، آٹو سیکٹر کے مسائل اور حل اور گڈ گورننس جیسے نئے نصابات متعارف کرائے گئے ہیں جن کی تدریس عالمی سطح کے بلند پایہ کے مدرسین انجام دیں گے۔ تربیتی پروگرام کے شرکا ء جہاں جدید ترین انتظامی نظریات سے متعارف ہونگے وہاں باہمی تجربات کی روشنی سے بھی فائدہ اٹھائیں گے۔ متذکرہ تربیتی کورس میں الائیڈبینک لمیٹڈ، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ ، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی ، ایس۔ای۔پی۔ایل گروپ ،اٹلس گروپ، پارکو اور ٹی ڈیپ کے اعلی انتظامی افسران شرکت کریں گے۔ عابد حسین صابری نے بتایاکہ بیرونی ملک اس تربیتی ورک شاپ کی فیس ہزاروں ڈالرہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر