دہشتگردی ملک و قوم کیلئے بڑا نا سور ہے :پیر نورالحق قادری

دہشتگردی ملک و قوم کیلئے بڑا نا سور ہے :پیر نورالحق قادری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(پاکستان نیوز) دہشت گردی اسلام اور پاکستان کیلئے سب سے بڑا ناسور ہے۔ پوری قوم ملکر دہشت گردوں کا راستہ روکے چاہے وہ جس لبادے میں بھی ہوں۔ اللہ تعالیٰ کا فضل ہے کہ اہلسنت وجماعت کا دامن دہشت گردی سے پاک ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر اورچئیرمین قومی سیرت کونسل ڈاکٹر پیر نورالحق قادری نے ملاگوری میں جامعہ عزیزیہ جنیدیہ ملاگوری کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان آپس میں ایک مضبوط بھائی چارے کی لڑی میں پڑے ہوئے ہیں۔ جس میں نفرتوں کدورتوں اور قتل مقاتلے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اسلام اخوت وبھائی چارے کا دین ہے جو لوگ اسلام کے لبادے میں نفرتیں بکھیر رہے ہیں وہ کسی طور بھی مسلمان کہلانے کے حقدار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی سچی تعلیمات کی ترویج واشاعت کیلئے اہلسنت وجماعت کے علماء ومشائخ کا کردار قابل صدتحسین ہے آج جس جامعہ کا ہم افتتاح کررہے ہیںیہ ان اداروں میں سے ہے جس میں اسلام کے سچے شیدائی ، ملک نظریاتی سرحدوں کے سچے محافظ تیار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ان قبائلی عوام اور خصوصاً ملاگوری قوم سے گزارش کرتاہوں کہ وہ جامع عزیزیہ جنیدیہ کے ساتھ ہر قسم کا تعاؤن کریں تاکہ یہ ادارے اپنا بنیادی کام بغیر کسی رکاوٹ کے مستقل مزاجی سے کرسکیں۔ اس موقع پر حاجی احسان اللہ جنیدی ، حاجی منان ملاگوری ، مولانا صفی اللہ جنیدی ، مولانا شعیب جنیدی، حاجی اشرف اور ڈاکٹر امان اللہ ملاگوری نے بھی خطاب کیا۔