سپیکر خیبر پختونخوا کی زیر صدارت تمباکو کاشتکاروں کا اجلاس

سپیکر خیبر پختونخوا کی زیر صدارت تمباکو کاشتکاروں کا اجلاس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


صوابی( بیورورپورٹ) تمباکو کاشتکاروں کے حوالے سے سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسدقیصر کی زیر صدارت میں جمعرات کے روز منعقد ہوا اجلاس میں سنیئر صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی کے علاوہ کمشنر مردان ذاکر حسین آفریدی ، ڈپٹی کمشنر صوابی مطیع اللہ خان ، چیئرمین تمباکو بورڈ فریداللہ، سیکرٹری تمباکو بورڈاعطاء اللہ کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام اور تمباکو کی کمپنیوں کے نمائندوں ، نمائندہ تمباکو کاشتکاروں ، زرعی ماہرین اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اجلاس جو مسلسل کئی گھنٹے تک جاری رہا، کے دوران تمباکو کمپنیوں اور تمباکو کاشتکاروں اور تمباکو کمپنیوں سے متعلق کئی امورو مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں تفصیلی بحث کے دوران سپیکر اسدقیصر کی تجویز پر پاکستان تمباکو بورڈ کو صوبے کی تحویل میں دینے سے متعلق صوبائی اسمبلی کے رواں اجلاس میں ایک قرارداد اسمبلی سے منظور کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں سپیکر اسدقیصر اور سینئر وزیر صحت شہرام خان ترکئی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان تمباکو بورڈ کے صوبے کی تحویل میں آنے سے تمباکو کے کاشتکاروں اور متعلقہ کمپنیوں کے مسائل مقامی سطح پراحسن طور پر حل کرنے میں بڑی حد تک مدد ملے گی۔ اجلاس میں موجودتمباکو کاشتکاروں نے تمباکو کاشتکاروں کے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر سپیکر اسدقیصر اور سینئر وزیر شاہرام خان ترکئی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان تمباکو بورڈ کی کارکردگی پر اپنے عدم اطمینان کا اظہار کیا۔اجلاس میں اس بات کا بھی انکشاف کیا گیا کہ پاکستان تمباکو بورڈ سے متعلق ایک سمری گزشتہ دوسالوں سے وزیر اعظم کے دفتر میں پڑی ہے جب کہ سال دو میں تمباکو بورڈ کے کئی ایک افسران ریٹائرڈ ہوجائیں گے۔اس موقع پر سپیکر اسدقیصر نے اس امر پر تشویش کاا ظہار کیا کہ تمباکوبورڈ کے بیک وقت ریٹائرڈ ہونے سے ایک کیفیت پیدا ہوسکتی ہے انہوں نے کہا کہ اس اجلاس کونشستن ، خوردن اور برخاستن کی بجائے اسے ایک نتیجہ خیز اجلاس بنایا جائے گا ۔ سپیکر اسدقیصر نے کمشنر مردان کو ہدایت کی کہ وہ ہر پندرہ دن بعد تمباکو سے متعلق اجلاس منعقد کرکے متعلقہ مسائل کو خود حل کرلیا کریں تاکہ تمباکو کاشتکاروں اور تمباکو کمپنیوں کے مسائل کا ازالہ ہوسکے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ایگریکلچر فضل خدا، قیصر خان تمباکو بورڈ ، حنیف خان آئی سی آئی، محمد زاہد ڈسٹرکٹ ممبر، محمد اعظم ، امان اللہ، نعیم یوسف ، جاوید خان اور عامر خان کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں تمباکو کمپنیوں نے اپنے مسائل سے متعلق اجلاس کو آگاہ کیا۔