تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں گڈ گورننس کا قیام مسلم لیگ( ن) کی حکومت کی اولین ترجیح ہے: فاروق حیدر

تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں گڈ گورننس کا قیام مسلم لیگ( ن) کی حکومت کی اولین ...
تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں گڈ گورننس کا قیام مسلم لیگ( ن) کی حکومت کی اولین ترجیح ہے: فاروق حیدر

  



مظفرآباد(صباح نیوز)وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں گڈ گورننس کا قیام مسلم لیگ( ن) کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ویڑن کے مطابق آزادکشمیر کے عوام کو ایسابہترین حکومتی نظام مہیا کریں گے جس سے گزشتہ دور کی محرومیوں کا ازالہ ہو گا اور آزاد خطہ میں بلا تخصیص برادری و علاقہ ،پسماندہ وپہاڑی علاقوں کے عوام کو بھی جدید سہولتیںفراہم ہوں گی۔ آزادکشمیر میں جلد کابینہ تشکیل دی جائے گی اس کے بعد مسلم لیگ کے منشور کے مطابق تعمیر و ترقی کا جدید میکانزم اختیار کیا جائے گا اور تحریک آزادی کے بیس کیمپ کے عوام خوشگوار تبدیلیاں محسوس کریں گے۔پیپلزپارٹی کی حکومت نے ریاستی اداروں کو تباہ کیا اور ریاستی تشخص کو پامال کیا،منفی عناصر نے گٹھ جوڑ کے ذریعے آزاد کشمیر میں سیاسی رواداری کو نقصان پہنچایا۔آزادکشمیر سے استحصالی کلچر کا خاتمہ کر کے انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کریں گے اور آزادکشمیر کے عوام کو ایک صاف ستھری حکومت مہیا کریں گے جو آزادکشمیر کو کرپشن فری اسٹیٹ میں بدل دے گی مسلم لیگ (ن) کی حکومت آزادکشمیر کے عوام معاشی خوشحالی کے ٹریک پر چڑھا دے گی۔وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان یہاں حلقہ نمبر 4پونچھ کے نمائندہ وفد سے خطاب کر رہے تھے۔ وفد میں سردار ظفر اقبال سینئر نائب صدر ضلع پونچھ ،سردار مشتاق خان نائب صدر مسلم لیگ تھوراڑ ،سردار مقصود خان یونین کونسل ٹائیں ،سردار بابر خان جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ٹوپہ ،سردار رفاقت حسین یونین کونسل ٹائیں ،سردار جاوید اشرف جنرل سیکرٹری یوتھ ،سردار احسن صدر مسلم لیگ یوتھ ضلع پونچھ ،صوبیدار سید اخلاق حسین شاہ ٹائیں ،تھوراڑ سے ناصر صابر ،راشد محمود ،عرفان احسان ،زبیرخان اور دیگر رہنما شامل تھے۔وفد نے راجہ محمد فاروق حیدر خان کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی اور انہیں حلقہ 4پونچھ کے دورے کی دعوت دی۔اس موقع پروزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت کابینہ کی تشکیل کے بعدپارٹی منشور کو عملی جامہ پہنائے گی اور عوام سے کیئے جانے والے تمام وعدوں کو پورا کرے گی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میںہماری حکومت میاں محمد نواز شریف کے تعمیر و ترقی کے ویڑن کو عملی جامہ پہناتے ہوئے آزاد خطہ کو معاشی خوشحالی کے ٹریک پر چڑھا دے گی۔دریں اثناءمقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں رسوائے زمانہ قوانین کے ذریعے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور بھارت کے انتہاپسند حکمرانوں کیطرف سے کشمیریوں کی منظم نسل کشی اور ریاستی دہشت گردی کے ذریعے ریاستی عوام کے حقوق غصب کرنے پر بھارت کے قابض و غاصب حکمرانوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے مہذب دنیا سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کروائے اور بھارت کے قابض حکمرانوں کو طاقت کے ذریعے ریاستی عوام کے حقوق غصب کرنے سے باز رکھے۔وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کشمیر ایشو کے حوالے سے جوجرات مندانہ اور حقیقت پسندانہ موقف اپنایااس سے کشمیریوں کی تحریک کو نیا جوش و جذبہ ملا ہے جس سے ان کی جدوجہد کامیابیوں سے ہمکنار ہو گی ۔

مزید : آزاد کشمیر


loading...