شام میں بمباری،7بچوں سمیت 10جاں بحق،اوباما کی روس پر تنقید
دمشق،واشنگٹن(نیوز ڈیسک)کشیدگی کے شکار ملک شام میں بمباری، حملوں اور ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔تازہ واقعہ شام کے محصور شہر حلب میں پیش آیا ہے جہاں پر شامی حکومت یا اس کے اتحادی روسی طیاروں کی بمباری نے سات بچوں سمیت د س افراد کو موت کے منہ میں دھکیل دیا جب کہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ فضائی حملے کرنے والے طیارے شامی حکومتی افواج کے تھے یا اس کے اتحادی روس کے۔
دوسری جانب جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی صدر باراک اوباما نے روس کو انتہائی سخت پیغام دیتے ہوئے شام میں روس کی فوجی کارروائیوں کو ہدفِ تنقید بنایا ہے۔اوباما کا کہنا تھا کہ شامی صدر بشار الاسد کے دستے بدستور شہری آبادی پر حملے کر رہے ہیں اور انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔ وائٹ ہاوس میں اوباما نے کہا کہ روس اس ’افسوس ناک‘ کارروائیوں میں براہِ راست شریک ہے، جس سے ماسکو کے اس عزم پر شبہ ہوتا ہے کہ وہ شام میں کشیدگی کم کرنے میں مدد دینا چاہتا ہے۔