کریم ٹیکسی سروس کا ٹیوٹاکے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ،ایک لاکھ نوکریوں کا اعلان
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف ٹیکسی سروس کریم نے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ہے جس کے تحت ایک لاکھ بے روزگار نوجوانوں کے لیے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں ملازمتوں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
ڈان نیوز کے مطابق گزشتہ روز ٹیوٹا کے چیئرپرسن عرفان قیصر شیخ اور کریم نیٹ ورک پاکستان کے سی ای او جنید اقبال کے درمیان معاہدے کو حتمی شکل دی گئی جس کے بعد اس کام کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے ۔معاہدے کے تحت ٹیوٹا تین سالوں تک ایک لاکھ بے روز گار نوجوانوں کو باقاعدہ تربیت فراہم کرے گا، نوجوانوں کو ٹیوٹا انسٹی ٹیوٹ میں تربیت فراہم کی جائے گی جس میں انہیں ڈرائیونگ اسکلز، روڈ سیفٹی اور بنیادی عربی زبان کی اسکلز کے متعلق تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس تربیتی پروگرام میں سیکنڈری تعلیم یافتہ 21 برس اور اس سے زائد عمر کے نوجوان درخواست جمع کروانے کے اہل ہوں گے، جبکہ تربیتی پروگرام کے دوران نوجوانوں کو وظیفہ بھی دیا جائے گا۔
اس موقع پر کریم پاکستان کے سی ای او جنید اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارا ادارہ کامیاب گریجوئٹس کو ماہانہ 22 سے 25 ہزار روپے کی تنخواہوں پر مشتمل ملازمتوں کے حصول میں مدد کرے گا۔تربیت حاصل کرنے کے بعد ڈرائیورز کو کریم کی جانب سے پاکستان اور دیگر خلیجی ممالک میں ملازمتوں پر رکھا جائے گا۔ خلیجی ممالک میں 85 فی صد کے قریب کریم ڈرائیورز پاکستانی ہیں۔