مال خانہ سے اسلحہ خوردبردکیس میں ملوث 7پولیس اہلکار 14 ستمبر کو طلب
لاہور(نامہ نگار)سپیشل جج اینٹی کرپشن محمدقاسم نے مال خانہ تھانہ نواں کوٹ سے اسلحہ خوردبردکیس کے مقدمہ میں ملوث 7پولیس اہلکاروں کو 14 ستمبر کو طلب کرلیاہے۔اینٹی کرپشن نے اے ایس آئی نسیم خان، محمد صادق ،کانسٹیبل عمران اشرف، نثار احمد ،ولایت علی ،محمد لطیف اور محمد اکرم کے خلاف چالان پیش کیا ،ساتوں اہلکاروں پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی تعیناتی کے دوران نواں کوٹ تھانے کے مال خانے سے اسلحہ اور دیگر سامان خوردبرد کیا۔اینٹی کرپشن کو ایس ایچ او نواں کوٹ نے رپورٹ کی ، عدالت میں چالان آنے پر فاضل جج نے پڑتال کی توچالان میں نامزد تمام پولیس ملازمین کو اشتہاری ملزم قرار دیاگیا۔ عدالت نے شک پڑنے پر ڈی آئی جی دفتر سے معلومات حاصل کیں تو معلوم ہوا کہ اہلکار فرار نہیں ہوئے بلکہ مختلف تھانوں میں اپنی ڈیوٹی باقاعدگی سے انجام دے رہے ہیں، عدالت نے ڈی آئی جی اینٹی کرپشن کو حکم دیا کہ تفتیشی آفیسر کے خلاف کارروائی کریں، عدالت نے ساتوں اہلکاروں کو ڈی آئی جی کی وساطت سے 14ستمبر کو طلب کرلیاہے۔