پرائیویٹ لا ء کالجوں میں 5سالہ ایل ایل بی پروگرام معطل، شام کی کلاسز بحال
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہورہائیکورٹ نے پرائیوٹ لاء کالجوں میں 3سالہ جاری ایل ایل بی پروگرام پر 5سالہ ایل ایل بی پروگرام کا اطلاق معطل کرتے ہوئے 3سالہ پروگرام کے تحت شام کی کلاسز پر پابندی بھی ختم کردی ہے ۔چیف جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے سماعت شروع کی تو درخواست گزار طلباء کے وکیل نے موقف اختیارکیاکہ پاکستان بارکونسل کو قانونی تعلیمی معاملات میں مداخلت کا اختیارنہیں لیکن اس کے باوجود پاکستان بارکونسل کی سفارش پرپرائیوٹ لاء کالجز میں ایل ایل بی کا پروگرام 3سال سے بڑھا کر5سال تک کردیا جوغیرقانونی ہے جبکہ پرائیوٹ کالجز کی شام کی کلاسز پر پابندی رولز کی خلاف ورزی ہے ،درخواست گزار کے وکیل نے مزید کہا کہ 3سالہ پروگرام کے تحت شام کی کلاسوں میں طلباء زیرتعلیم تھے ،شام کی کلاسوں پر پابندی ان کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے ۔پنجاب یونیورسٹی کے وکیل اویس خالد نے موقف اختیار کیاکہ متعدد لا ء لجز ایسے ہیں جن کایونیورسٹی سے الحاق نہیں ہے، ایل ایل بی پروگرام سے متعلق عدالتی حکم تسلیم کریں گے، فل بنچ نے پرائیوٹ لاء کالجز میں جاری 3سالہ پروگرام کے تحت شام کی کلاسز پر پابندی ختم کردی جبکہ پہلے سے جاری 3سالہ ایل ایل بی پروگرام پر 5سالہ پروگرام کا اطلاق معطل کردیا ہے،عدالت نے قرار دیا ہے کہ 5سالہ پروگرام کے تحت شام کی کلاسوں پر پابندی برقرار رہے گی ۔عدالت نے مذکورہ حکم کے ساتھ کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔
کلاسز بحال