پارٹی قیادت کیساتھ انصاف نہیں ہوا، عدالتی فیصلے کیخلاف نظر ثانی اپیل دائر کرینگے : سعد رفیق
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ گالیاں سننے کے باوجودآگے بڑھتے گئے مگرانصاف ہوتا نظر نہیں آرہا تاہم عدالتی فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کی جائے گی،عائشہ گلالئی کے الزامات کے بعد عمران خان کو پارٹی صدارت سے مستعفی ہو جانا چاہئے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے خلاف فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کریں گے، ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں انصاف ہوتا نظر نہیں آ رہا ، نواز شریف سیاست کے میدان میں متحرک کردار نبھائیں گے، ہمیں انصاف کیلئے یکساں مواقع نہیں ملے، عدلیہ کی آزادی سے مطلب صرف عدالت عظمیٰ کی آزادی نہیں، لوئر کورٹس کی بھی آزادی ہے، اداروں کے تقدس میں کبھی کمی کرنے کی کوشش نہیں کی، قانون دان کہہ رہے ہیں کہ احتساب کورٹ پر نگرانی نہ رکھی جائے مگر ہمارے ساتھ ناقابل فہم سلوک ہو رہا ہے،وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں گالیاں دی گئیں مگر ہم آگے بڑھتے گئے، نفرت کا بیج بونے پر اب عمران خان پر الزام لگ رہے ہیں تو ان کو حقائق کا سامنا کرنا چاہئے، عائشہ گلالئی کے سنگین الزامات کے بعد عمران خان کو اپنی جماعت کی صدارت سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کے نظام عدل کو اب بھی حرکت میں آنا چاہیے، امیر مقام کے فون کا افسانہ بنایا گیا،عمران خان کے اندر لڑکا ہے،خان صاحب اس لڑکپن کو اب ختم کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ عائشہ گلالئی ایک باوقار خاتون ہیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اگر سچے ہیں تو پارٹی کی سابق رہنما عائشہ گلالئی پر ہرجانے کا دعویٰ کریں بصورت دیگر ان پر لگنے والے الزامات پر عمران خان کو پارٹی صدارت سے مستعفی ہوجانا چاہئے۔