انتخابی نظام کے بارے میں آٹھ مختلف قوانین کو واحد قانون میں تبدیل کر دیا گیا:اسحاق ڈار
اسلام آباد (این این آئی)جنوبی و وسطی ایشیا کیلئے امریکہ کی نائب سیکریٹری خارجہ اور پاکستان و افغانستان کیلئے قائم مقام خصوصی نمائندہ ایلس جی ویلز نے گزشتہ روز یہاں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ اسحاق ڈار نے ایلس جی ویلزکو امریکی محکمہ خارجہ میں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے امریکی سفارتکار کو پاکستان میں انتخابی عمل کیلئے کی جانے والی اصلاحات کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جامع اور پرعزم کوششوں کے نتیجے میں انتخابی نظام کے بارے میں آٹھ مختلف قوانین کو واحد قانون میں تبدیل کیا گیا ہے اور اس ضمن میں مسودہ قانون کو پارلیمانی کمیٹی نے مشاورت کے بعد حتمی شکل دیدی ہے جس میں پارلیمان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسودہ قانون کو بہت جلد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ مجوزہ مسودہ قانون میں ملک میں مکمل شفاف انتخابی نظام کی ضمانت دی گئی ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور امریکی سفارتکار نے افغانستان سمیت خطے کی سلامتی کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات اور خطے میں امن و خوشحالی پر یقین رکھتا ہے۔ پاکستان علاقائی رابطوں میں اضافہ اور اقتصادی تعاون کیلئے تمام اقدامات اور کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی و احیاء اور دہشت گردی و انتہا پسندی کا خاتمہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انتخابی منشور کے چار اہم نکات میں شامل ہے۔ گزشتہ چار برسوں میں پاکستان نے ان دونوں شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے امریکی سفارتکار کو امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ایچ آر میک ماسٹر سے اپنی حالیہ ملاقات کا حوالہ بھی دیا جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے اقدامات سے اتفاق کیا تھا۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اور افغانستان میں امریکی افواج کے کمانڈر جنرل نیکولسن کے مابین حالیہ ملاقات کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام دہشت گردی کے خاتمے میں پرعزم ہیں اور پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بھاری جانی و مالی قربانیاں دی ہیں جن کا عالمی برادری اعتراف کرتی ہے۔ امریکی نائب وزیر خارجہ نے قومی معیشت کو مضبوط بنانے اور سلامتی کی مجموعی صورتحال میں بہتری کیلئے حکومت پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ پاکستان اور افغانستان میں دہشت گردی کے حالیہ حملوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے دہشت گردی کے انسداد اور دہشت گردی کے خطرات کے خاتمے کیلئے کوششوں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیر خزانہ