قومی اسمبلی ،شیخ رشید پر حملے کیخلاف تحریک انصاف ،جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کا واک آؤٹ

قومی اسمبلی ،شیخ رشید پر حملے کیخلاف تحریک انصاف ،جماعت اسلامی اور ایم کیو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے پارلیمینٹ کے انتخاب کے دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید پر حملہ کے حوالے سے اپوزیشن کا پارلیمینٹ میں ہنگامہ ،حکومت کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر، پی ٹی آئی،جماعت اسلامی ‘ ایم کیو ایم کا اسمبلی سے واک آؤٹ، پی پی پی ،قومی وطن پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی نے واک آؤٹ میں حصہ نہیں لیا ۔ شیخ رشید نے الزام عائد کیا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے مجھے قتل کرانے کیلئے اجرتی قاتلوں کو بھیجا تھا مجھے قتل کیا گیا تو شریف برادران ذمہ دار ہوں گے۔قومی اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا ۔ پوائنٹ آف آرڈر پر پی پی پی کے پارلیمانی لیڈر نوید قمر نے کہا کہ پارلیمینٹ میں شیخ رشید احمد پر حملہ کیا گیا یہ جمہوریت نہیں بلکہ غنڈہ گردی کا ارتکاب کیا گیا۔پارلیمینٹ کا استحقاق مجروح ہوا ہے یہ غلط روایات قائم کی گئی ہیں ۔ آئندہ دس ماہ حکومت کس طرح گزارنا چاہتی ہے ۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہاکہ7 مرتبہ اسمبلی کا حصہ رہا ہوں ۔ سپیکر نے مجھے پیشکش کی میرے ساتھ لفٹ پر جائیں ۔ سپیکر کے ساتھ جانے کے بجائے موت کو ترجیح دی ۔شیخ رشید احمد نے پارلیمینٹ میں آنے والوں کی لسٹ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔شیخ رشید احمدنے مزید کہا کہ 1500 ریال کا ملازم مجھے قتل کرنا چاہتا ہے اگر مجھے مارا گیا تو اسمبلی لے ڈبوں گا ۔ جماعت اسلامی کے ممبر اسمبلی صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ میں اس واقعہ کی مذمت کرتا ہوں یہ جو کچھ ہوا غرور اور تکبر کی وجہ سے ہوا ہے ۔ اگر یہ غرور اور تکبر کی سیاست جاری رہی تو سب کا بھیانک انجام ہو گا ۔ پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اگر پارلیمینٹ میں کوئی خودکش بمبار آ گیا تو پارلیمینٹ میں سانحہ نہیں تو پھر کیا ہو گا ۔اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہئیں کہ کن لوگوں نے حملہ کیا اور دھمکیاں دیں ۔ایم کیو ایم پاکستان کے پارلیمینٹ میں چیف وہپ شیخ صلاح الدین نے کہا کہ شیخ رشید پر حملہ کی مذمت کرتے ہیں جو ملوث ہیں تحقیقات کریں ۔ ایم کیو ایم اس واقعہ کی مذمت کرتی ہے سپیکر اس پر رولنگ جاری کریں ۔اے این پی کے ممبر اسمبلی حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ اس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں اس کی تحقیقات کرائیں ۔ایم این اے جمشید دستی نے کہاکہ میں نے سپیکر کو بتایا کہ شیخ رشید احمد پر حملہ کا پلان ہے سپیکر کو اس واقعہ کا علم تھا مجھ پر اور شیخ رشید پر قاتلانہ حملے کی سازش تھی ۔ 450 لوگوں کو مری سے لایا گیا ہم دونوں کو ٹارگٹ کیا گیا ۔ میرے خلاف سات ایف آئی آر غیر منصفانہ درج کی گئی ہیں نواز شریف ظلم کی وجہ سے پارلیمینٹ سے فارغ ہو گیا اور میں آج موجود ہوں ۔ اس واقعہ میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر اعظم ملوث ہیں اس موقع پر اپوزیشن اراکین نے علامتی واک آؤٹ کیا ۔
قومی اسمبلی