کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک مراکش دو طرفہ تعلقات سے نہ صرف دوطرفہ حکومتیں بلکہ عوام بھی بھرپو ر استفادہ حاصل کررہے ہیں ، حکومتی و عوامی سطح پر قائم تعلقات وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط و مستحکم ہو رہے ہیں ،کراچی کے ساتھ ساتھ سی پیک منصوبہ میں بھی مراکش کے سرمایہ کاربھرپور شرکت کر سکتے ہیں کیونکہ منصوبہ میں دیگر ممالک کی شرکت کو بھی یقینی بنایاجارہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں مراکش کے سفیر محمد کار مون (Muhammad Karmmoune) سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں تجارت ، سرمایہ کاری ، نئی صنعتوں کے قیام ، سی پیک منصوبہ ، خطہ کی خوشحالی میں پاک مراکش تعلقات اور دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی شہ رگ ہے ، امن و امان کے قیام کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاری میں مسلسل اضا فہ ، نجی سیکٹر کے فعال کردار اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے منافع بخش کاروبار سے سماجی و معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو ر ہا ہے جس سے روزگار کے بھی وسیع مواقع دستیاب ہو رہے ہیں ، روزگار کی دستیابی سے غربت کا خاتمہ یقینی ہے ، حکومت معاشی اقدامات سے غربت کے خاتمہ کے ایجنڈے پر کار بند ہے جس کے حوصلہ افزا نتائج بھی سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اپنی استعداد کے لحاظ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے ایک آئیڈیل ملک ہے جہاں سرمایہ کاری کے فوری نتائج بھی یقینی ہیں ، شہر میں اعلیٰ تعلیم یافتہ ، تجربہ کار ، ہنر مند نوجوانوں کی افرادی قوت وافر تعداد میں دستیاب ہے جو کہ سرمایہ کاری کے اچھے نتائج کے لئے انتہائی اہم ہیں جبکہ شہر میں تعلیم ،صحت، انفرااسٹرکچرڈیویلپمنٹ ،توانائی ، ماس ٹرانزٹ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری سے فوری اور اچھے نتائج یقینی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مراکش کے سرمایہ کاروں کا کراچی کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے مختلف شعبوں میں دلچسپی دو طرفہ تعلقات کے استحکام میں معاون ثابت ہوگی ۔ ملاقات میں مراکش کے سفیر محمد کار مون نے گورنر سندھ کو بتایا کہ پاک مراکش دو طرفہ تعلقات اپنی مثال آپ ہیں ، مراکش کے لوگ پاکستان کو اپنا بہترین دوست ملک تسلیم کرتے ہیں ، سرمایہ کاری سے دو نوں ممالک کے تعلقات میں وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید استحکام آرہا ہے، کراچی سمیت پورے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے حد مواقع دستیاب ہیں ، پرامن پاکستان سرمایہ کاروں کے لئے آئیڈیل ملک بن گیا ہے جبکہ سی پیک منصوبہ سے پاکستان کی اہمیت بہت بڑھ چکی ہے ، مستحکم اور معاشی لحاظ سے مضبوط پاکستان مراکش کے بہترین مفاد میں ہے اس ضمن میں مراکش کا سفارتی و اخلاقی تعاون پاکستان کو حاصل ہے ۔