عائشہ گلالئی 5سال تک خاموش رہی ،دال میں کچھ کالا ضرور ہے :ایمل ولی

عائشہ گلالئی 5سال تک خاموش رہی ،دال میں کچھ کالا ضرور ہے :ایمل ولی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

چارسدہ(بیورو رپورٹ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جائنٹ سیکرٹری ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ عائشہ گلالئی عمران خان کے حوالے سے پانچ سال تک خاموش رہی جس سے ایسا لگ رہا ہے کہ دال میں کچھ کالا ضرور ہے ۔ عمران خان کا ماضی پہلے ہی سے داغ دارہے ان سے نیک نامی کے امید نہیں کی جا سکتی ۔ عائشہ گلالئی اور عمران خان کیس سکینڈل سے پاکستانی سیاست میں خواتین کی حوصلہ شکنی نہیں ہو گی ۔ قومی وطن پارٹی کو پانامہ نہیں بلکہ کرپشن نامہ کی وجہ حکومت سے نکال دیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تحصیل کونسل چارسدہ میں "صاف اور خوبصورت" چارسدہ مہم کے افتتاح اور ٹی ایم اے کو نئی ڈمپر گاڑیوں کے حوالگی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی امیر مولانا ہاشم خان ، منتخب بلدیاتی نمائندوں سمیت ٹی ایم اے کے افسران بھی موجود تھے ۔تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ عائشہ گلالئی نے پختون خواتین کی ناک کاٹ دی ہے ۔ پختون خواتین اپنی عزتیں اسی طرح نہیں اچھالتی ۔ پانچ سال خاموش رہ کر عائشہ گلالئی نے یک دم عمران خان پر الزامات لگائے جس سے ایسا لگ رہا ہے کہ دال میں کچھ کالا ضرور ہے ۔ ویسے بھی عمران خان کا ماضی اس حوالے سے کافی داغ دار ہے اور ان سے کسی اچھائی کی توقع نہیں کی جا سکتی ۔ ایک سوال کے جواب میں ایمل ولی خان نے کہا کہ اے این پی میں عائشہ گلالئی کیلئے کوئی جگہ نہیں ۔ عمران خان اور عائشہ سکینڈل سے پاکستانی سیاست میں موجود خواتین کی حوصلہ شکنی نہیں ہوگی ۔ قومی وطن پارٹی اور پی ٹی آئی کے اتحاد حوالے سے ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ اتحاد اصولوں پر بنتے ہیں لیکن یہاں دونوں پارٹیوں نے کرپشن کیلئے اتحاد کیا تھا ۔ قومی وطن پارٹی کو ایک بار پھرپا نامہ نہیں بلکہ کرپشن نامہ کی وجہ سے حکومت سے نکالا گیا ۔ وزیر اعظم کے انتخاب میں جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی کا ساتھ نہیں دیا مگر وہ بدستور حکومت میں شامل ہے ۔