انگلینڈ کی بھارت کو پہلے ٹیسٹ میں 31رنزسے شکست
برمنگھم(اے پی پی) انگلینڈ نے بھارت کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں زبردست مقابلے کے بعد 31 رنز سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، بھارتی ٹیم 193 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چوتھے روز اپنی دوسری اننگز میں 162 رنز پر ڈھیر ہو گئی، بین سٹوکس نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے بھارت کے منہ سے فتح کا نوالہ چھین لیا، انہوں نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، کوہلی کی ففٹی بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، ثام کیورن نے دوسری اننگز میں مشکل وقت میں 63 رنز کی غیرمعمولی اننگز کھیل کر انگلش ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا تھا، انہیں عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ ہفتہ کو برمنگھم میں پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بھارتی ٹیم نے 110 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو کپتان ویرات کوہلی 43 اور دنیش کارتھک 18 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے پہلے ہی اوور میں جیمز اینڈرسن نے کارتھک کو آؤٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، کارتھک 20 رنز بنا کر چلتے بنے، 141 کے سکور پر بھارت کو بڑا دھچکا لگا جب کوہلی 51 رنز بنانے کے بعد سٹوکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، محمد شامی بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، ایشانت شرما 11 رنز بنانے کے بعد عادل راشد کی گیند کا نشانہ بنے، 162 کے سکور پر بھارت کی آخری وکٹ گری جب ہرڈک پانڈیا 31 رنز بنانے کے بعد سٹوکس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، سٹوکس نے 4، جیمز اینڈرسن اور سٹورٹ براڈ نے 2، 2 ثام کیورن اور عادل راشد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔