ڈیوڈ وارنر کے بعد اسٹیون اسمتھ بھی سی پی ایل میں شامل

ڈیوڈ وارنر کے بعد اسٹیون اسمتھ بھی سی پی ایل میں شامل

پورٹ آف اسپین(آئی این پی) آسٹریلیا کے بال ٹیمپرنگ میں ملوث ڈیوڈ وارنر کے بعد اسٹیون اسمتھ کو بھی سی پی ایل میں جگہ مل گئی۔سابق آسٹریلوی کپتان بارباڈوس ٹرائیڈینٹس کی نمائندگی کریں گے، ان سے بنگلہ دیشی آل رانڈر شکیب الحسن کی عدم دستیابی کی وجہ سے معاہدہ کیا گیا ہے۔ڈیوڈ وارنر کیریبیئن پریمیئر لیگ میں سینٹ لوشیا اسٹارز کی جانب سے ایکشن میں ہوں گے۔ دونوں کھلاڑی اس سے قبل کینیڈا میں گلوبل ٹوئنٹی 20 لیگ بھی کھیل چکے ہیں۔ دونوں اس وقت بال ٹمپرنگ کے جرم میں ایک ایک برس کی انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر پابندی کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ٹرائیڈینٹس کے کوچ روبن سنگھ کا کہنا ہے کہ شکیب الحسن کی خدمات سے محرومی ہمارے لیے بہت بڑا دھچکا ہے تاہم ان کی جگہ ورلڈ کلاس بیٹسمین اسٹیون اسمتھ ہماری ٹیم میں شامل ہوچکے ہیں جوکہ ہماری بیٹنگ لائن کے استحکام کا باعث بن سکتے ہیں، ایک ایسے پلیئر جو کہ پوری دنیا میں اپنی کارکردگی کا دھاک بٹھاچکے ہیں وہ ہماری ٹیم کی کامیابی میں بھی کردار ادا کریں گے۔یاد رہے کہ اسمتھ کی ٹیم ٹورنٹو نیشنلز گلوبل ٹی 20 میں آخری نمبر پر رہی مگر انھوں نے خود 6 اننگز میں 167 رنز اسکور کیے جس میں دو ففٹیز شامل تھیں جبہ اس دوران ان کی ایوریج 33.40اور اسٹرائیک ریٹ 119.28رہا۔ گذشتہ سیزن میں ٹرائیڈینٹس کی ٹیم سیکنڈ لاسٹ پوزیشن پر رہی تھی۔

، اسے 10 میچز میں 4فتوحات ہی حاصل ہوئی تھیں، اس سیزن میں جیسن ہولڈر ٹیم کی قیادت کیرون پولارڈ سے سنبھالیں گے۔ سی پی ایل 8 اگست سے 16 ستمبر تک کھیلی جائے گی، ٹرائیڈینٹس کا پہلا میچ گیانا ایمازون واریئرز سے 13اگست کو ہوگا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی