71 ویں جشن آزادی انٹر سکول جمناسٹک چیمپین شپ کا انعقاد
لاہور(سپورٹس رپورٹر) یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے زیر اہتمام 71ویں جشن آزادی انٹر سکول جمناسٹک چیمپین شپ کا انعقاد یونیک جونئیر سکول پاک بلاک علامہ اقبال ٹاؤن میں کیا گیا جس میں گورنمنٹ سی ڈی ایس سکول رینجرز ہیڈ کوارٹر لاہور نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ یونیک جونئیر سکول ریڈ نے دوسری اوریونیک جونئیر سکول ہی کی براؤن نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔چیمپین شپ کے مہمان خصوصی معروف انٹر نیشنل ویٹ لفٹر وہاب عرفان بٹ نے جیتنے والی ٹیمز میں ٹرافیاں پیش کیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وہاب عرفان بٹ نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے سکول کی سطح پر تربیت ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں کھلاڑیوں کو بچپن سے تربیت دی جاتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ ممالک مختلف کھیلوں میں اپنا نام روشن کرچکے ہیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایڈمن یونیک گروپ پروفیسر جہانزیب انور ملک نے کہا کہ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنزمیں کھیل کے شعبے میں سکول کے بچوں کی بہترین تربیت کی جاتی ہے جس کا مقصد ملک میں شاندار ٹیلنٹ مہیا کرنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنزہم نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ نصابی شعبے میں بھی کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ یونیک گروپ کے تمام تعلیمی اداروں میں اس حوالے سے بچوں پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیک سائنس اکیڈمی کا یہ اعزاز ہے کہ وہاں کے اساتذہ کی رہنمائی سے توصیف افضل نے لاہور بورڈمیں پہلی پوزیشن حاصل کی۔