زچگی کے دوران ہیلتھ ایشوز کو سنجیدگی سے لیا جائے،پروفیسر طیب

زچگی کے دوران ہیلتھ ایشوز کو سنجیدگی سے لیا جائے،پروفیسر طیب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)امیر الدین میڈیکل کالج و لاہور جنرل ہسپتال کے پرنسپل اور معروف گائنا کالوجسٹ پروفیسر محمد طیب نے کہا ہے کہ زچگی کے دوران خواتین کے ہیلتھ ایشوز کو ہر لحاظ سے سنجیدگی سے لینا چاہیے اور خوراک سے لے کر ایکسرسائز کرنے اور پیچیدگیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے میڈیکل ایڈ کو ترجیح دینے کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عورت کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا کیونکہ بہتر ماں ہی صحت مند بچوں کا باعث بن سکتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 2روزہ نیشنل سائینٹفک کانفرنس کے ٹیکنیکل سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ملک بھر سے طبی ماہرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور زچگی ، حمل اور دیگرمراحل سے متعلق تفصیلی لیکچرز دیے ۔پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ ہمیں خواتین کی صحت کے حوالے سے کئی ایک معاشرتی مسائل کا بھی سامنا ہے اکثر خواتین مہنگا علاج برداشت نہ کرپانے کے باعث دائیوں کے ہتھے چڑھ جاتی ہیں اور اُن کی زندگی داؤ پر لگ جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل کے شعبے میں ہونے والی جدید ترقی امراض نسواں کے حل میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔انہوں نے خواتین میں شعور پیدا کرنے کیلئے میڈیا کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دور حاضر میں الیکٹرانک میڈیا اس ضمن میں انتہائی کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔پروفیسر محمد طیب نے کانفرنس میں فیملی پلاننگ ،مینجمنٹ آف اینڈو میٹریل ،کینسر اور حمل کے دوران ایکسرسائز کے موضوعات پر سٹیٹ آف دی آرٹ تفصیلی لیکچرز دیے اور ڈاکٹروں کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔نیشنل سائینٹفک کانفرنس میں خواتین پر تشدد ، فیملی پلاننگ ، گائناکالوجیکل آنکالوجی ،ریپروڈکٹو اینڈو کرینالوجی اور دیگر اہم موضوعات پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر شیر شاہ سید ، پروفیسر رضیہ کوریجو ،پروفیسر روبینہ سہیل ،پروفیسر ارشد چوہان ،پروفیسر نائلہ احسان ، ڈاکٹر نگہت شاہ ،ڈاکٹر عالیہ علی ، ڈاکٹر کلثوم عالم ، بریگیڈئیر میمونہ مشتاق ،ڈاکٹر اریبہ ثاقب ،پروفیسر ناصرہ تسلیم اور پروفیسر نصرت شاہ نے اس کانفرنس کی اہمیت اور اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔مقررین نے کہا کہ ہمیں اپنے باہمی تجربات سے ایک دوسرے کو آگا ہ کرنا چاہیے تاکہ میڈیکل کے شعبے میں خواتین مریضوں کیلئے بہتر سے بہتر علاج معالجے کی راہ نکل سکے ۔اس موقع پر پینل ڈسکشن کا بھی انعقاد ہوا جبکہ کانفرنس کے شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا ۔