حکومت آئی ایم ایف پر انحصار کی بجائے ادارے بہتر کرے،ذکر اللہ مجاہد

حکومت آئی ایم ایف پر انحصار کی بجائے ادارے بہتر کرے،ذکر اللہ مجاہد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (پ ر )امیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ نئی بننے والی حکومت آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک پر انحصار کرنے کی بجائے قومی اداروں کو بہتر بنانے کیلئے انقلابی اقدامات کرے ۔ نئی حکومت اپنے اعلان کردہ ایجنڈے پر عمل کرے اس سے تعاؤن کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پی پی 151 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن میں پی پی151 کے امیدوار شاہد نوید ملک ، جماعت اسلامی علاقہ وسطی لاہور کے امیر حاجی ریاض الحسن ، محمد احمد بٹ ، چوہدری رفیق ، شعیب یعقوب ودیگر ذمہ داران سمیت بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی ۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ پانامہ میں شامل 434 افراد سمیت قرضہ جات معاف کرنے والے بڑے سیاسی مجرموں کا احتساب جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے ۔ عمران حکومت ملک و قوم کی دولت ان مجرموں کا احتساب کر کے قومی خزانے میں واپس لائے اور ملک میں جاری بجلی و پانی کے بحران کو دور کرنے کیلئے پانی کے ڈیمز کی تعمیر کیلئے گرینڈ پروجیکٹس پر کام شروع کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کی حکومت اپنے دیئے ہوئے منشور پر حقیقی معنوں میں عمل کرے جماعت اسلامی بھرپور طریقہ سے اچھے کاموں میں حکومت کی معاونت کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے ، ریلوے سمیت ملک میں بڑے قومی اداروں سے کرپٹ افراد کا احتساب کیا جائے اورآڈٹ نظام کوموثر بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا ایک دیانتدار قیادت اورٹیم کی شب روز محنت سے ہی ممکن ہو سکتا ہے ۔ قوم کو بلا آخر حقیقی اور صاف قیادت کی طرف پلٹنا پڑے گا جو ملک میں اسلامی نظام کو نافذ کرے اورملک و قوم کے مسائل کا مداوا کرے