’’تاجدار حرم‘‘ کی چوری پر بھارتی کمپوزر کو نوٹس جاری کرنیکا فیصلہ

’’تاجدار حرم‘‘ کی چوری پر بھارتی کمپوزر کو نوٹس جاری کرنیکا فیصلہ
’’تاجدار حرم‘‘ کی چوری پر بھارتی کمپوزر کو نوٹس جاری کرنیکا فیصلہ

  

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)صابری برادران کی شہرہ آفاق قوالی ’’تاجدار حرم‘‘ کو چرانے اور اسے بگاڑ کر پیش کرنے پر مقبول صابری کے بیٹے شمائل صابری نے بھارتی کمپوزر کو کاپی رائٹ نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان کے معروف قوال غلام فرید صابری اور مقبول صابری جو ’’صابری برادران‘‘ کے نام سے بھی مشہور ہیں، ان کی شہرہ آفاق قوالی ’’تاجدار حرم، ہو نگاہِ کرم‘‘ ہر دور میں لوگوں کی پسندیدہ رہی ہے۔ بعد ازاں اس قوالی کو غلام فرید صابری کے صاحبزادے اور پاکستان کے مشہور قوال امجد صابری نے بھی پیش کیا اور دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی۔موجودہ دور میں اسے پاکستان کے نامور گلوکارعاطف اسلم نے کوک اسٹوڈیو میں جدید انداز میں اس خوبصورتی سے پیش کیا کہ لوگ اش اش کر اٹھے۔ ’’تاجدار حرم‘‘ کی مقبولیت دیکھ کر بھارتی فلمساز ملاپ زاویری نے بھی اسے اپنی فلم ’’ستیا مے وجیتے‘‘ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا لیکن کہتے ہیں ناں کہ نقل کیلیے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے۔ فلم ’’ستیا مے وجیتے‘‘ میں ’’تاجدار حرم‘‘ کو نہایت خراب اور بھونڈے انداز میں پیش کیا گیا ہے جس کے باعث قوالی کی اصل روح کہیں غائب ہوگئی ہے۔قوالی کو بغیر اجازت فلم میں شامل کرنے پر مقبول صابری کے بیٹے شمائل مقبول صابری فلم ’’ستیا مے وجیتے‘‘ کے میوزک ڈائریکٹر اور کمپوزر کو کاپی رائٹ کا نوٹس بھجوانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ فلم میں اس قوالی کے موسیقار کے طور پر ساجد واجد کا نام موجود ہے۔

شمائل نے ایکسپریس ٹریبیون سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارتی میوزک کمپنی ٹی سیریز اور میوزک پروڈیوسر بھوشن کمار کے خلاف کیس دائر کرنے کیلیے دستاویزات جمع کررہے ہیں، اور ہمیں امید ہے کہ پیر کے روز انہیں نوٹس جاری کردیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ صابری برادران کے جتنے بھی کلام ہیں، ان کا حقِ ملکیت ان کی والدہ کے پاس ہے لیکن اس وقت اس قوالی کے کاپی رائٹس ان کے پاس ہیں۔ شمائل سے جب پوچھا گیا کہ آپ کے مطالبات کیا ہوں گے تو انہوں نے کہا کہ انہیں پیسے نہیں چاہئیں، خدا کی مہربانی سے ہمارے پاس سب کچھ ہے۔

مزید : کلچر