ڈرامہ انڈسٹری میں واجبات ادا نا کرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع

ڈرامہ انڈسٹری میں واجبات ادا نا کرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع

لاہور (فلم رپورٹر)ڈرامہ انڈسٹری میں واجبات ادا نا کرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔ کئی ڈرامہ رائٹرز سمیت، فنکار اور مارننگ شوز میں مدعو کئے جانے والے فنکاورں کو بھی معاوضہ کی ادائیگی کئی ماہ گذرجانے کے باوجود نہیں ہوسکی۔ دوسری طرف ڈرامہ انڈسٹری میں بحران کی کیفیت یپدا ہونے کا خطرہ بھی لاحق ہوگیا ہے۔ نجی چینلز نے پروڈکشن ہاؤس اور پرائیویٹ پروڈیوسرز کے واجبات روک لئے۔کئی پروڈکشن ہاؤسز کو سالوں کے واجبات ادا نہیں کئے جاسکے ہیں، فنکاروں کے واجبات کی ادائیگی بھی کھٹائی میں پڑ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈرامہ انڈسٹری میں ایک طرف سینکڑوں کی تعداد میں ڈرامے بنائے جارہے ہیں تو دوسری طرف ہر فنکار ڈراموں کی شوٹنگ میں مصروف عمل ہے جبکہ بڑے پروڈکشن ہاؤسز سمیت چھوٹے پروجیکٹ کے پروڈیوسرز کو بھی نجی چینلز نے واجبات کی ادائیگی نہیں کی ہے جس کے باعث بیشتر شوٹنگز کو فی الوقت روک دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ڈرامہ انڈسٹری میں بحران کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔اس حوالے سے زرائع کا کہنا تھاکہ بیشتر نجی چینلز نے متعدد ڈرامہ پروڈیوسرز اور پروڈکشن ہاؤسز کو پچھلے تین سال کی ادائیگی بھی نہیں کی ہے جس کی وجہ سے بڑے پروڈکشن ہاوسز میں تو کام جاری ہے جبکہ چھوٹے پروڈکشن ہاؤسز میں فی الحال شوٹنگ روک دی گئی ہے جس کی وجہ بجٹ کا نا ملنا ہے۔زرائع کا مزید کہنا تھاکہ بجٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے فنکاروں کو بھی ادائیگی نہیں کی جارہی ہے جبکہ ڈرامہ رائیٹرز بھی اپنے واجبات سے محروم ہیں۔ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ واجبات کی ادائیگی نئے ڈراموں کی جلد از جلد دستیابی سے منسوب کر دی گئی ہے جس کی وجے پروڈیوسرز نے بینکوں اور اپنے طور پر قرضے لے کر پراجیکٹ کو مکمل کروانے کے لئے کوشش شروع کر دی ہیں۔

مزید : کلچر