پاکستان کے قیمتی پتھروں کی پوری دنیا میں مانگ ہے، عبدالجلیل

پاکستان کے قیمتی پتھروں کی پوری دنیا میں مانگ ہے، عبدالجلیل

اسلام آباد (اے پی پی)آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالجلیل نے کہا ہے کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے ، پاکستان کے قیمتی پتھروں کی پوری دنیا میں مانگ ہے، حکومت کمرشل ایکسپورٹرز کو تعاون فراہم کر کے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بے پناہ اضافہ کر سکتی ہے ، ایسوسی ایشن اس ضمن میں اپنا موثر کردار ادا کرتے ہوئے قیمتی پتھروں کے برآمدکنندگان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے تیار ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹریڈڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 3روزہ قیمتی و نیم قیمتی پتھروں کی سالانہ نمائش میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ یہ نمائش 4تا 6اگست 2018ء اسلام آباد کے ہوٹل میں منعقد ہو رہی ہے۔ قبل ازیں ٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) اسلام آباد کے ڈائریکٹر محمد عرفان نے نمائش کا باضابطہ افتتاح کیا اور شرکاء کی حوصلہ افزائی کے لئے منتظمین کی کوششوں کو سراہا۔انھوں نے کہا کہ جیمسٹوں کا شعبہ انتہائی اہم شعبہ ہے جس پر توجہ مرکوز کر کے اس شعبہ کو ملکی معیشت کا ایک کلیدی شعبہ بنایا جا سکتا ہے۔ نمائش میں جیم سٹون سے وابستہ ملکی اور غیرملکی افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس نمائش سے دنیا بھر میں پاکستان کے جیم سٹون کے بیش بہا خزانہ کی تشہیر ہوگی۔ جس سے جیم سٹون کی ایکسپورٹ اور زرمبادلہ کے حصول میں اضافہ ہوگا اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر نے کا موقع ملے گا۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر ناصر مرزا کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور نمائش کیلئے رکھے گئے قیمتی پتھروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ برآمد کنندگان کو حکومتی سرپرستی حاصل ہو جائے تو قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے نمائش کے انعقاد پر آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہا

اور توقع ظاہر کی کے ایسوسی ایشن مستقبل میں بھی برآمد کنندگان کی تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرتی رہے گی۔ آخر میں ایسوسی ایشن کے ایگزیبیشن چیئرمین حاجی معمور خان نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور بتایا کہ 18ویں پاکستان جیمز اینڈ منرل شو کے انعقاد کا مقصد اس شعبہ سے وابستہ پیداواری اور کاروباری برادری کے روابطہ کو فروغ دیکر ملک کی برآمداد میں اضافہ کرنا ہے جس سے قیمتی زرمبادلہ پاکستان آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش 3روز تک جاری رہے گی جس میں غیر ملکی سفراء ملکی اور غیر ملکی اہم شخصیات ، کاروباری برادری اور اس شعبہ سے وابسطہ افراد کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔

مزید : کامرس