تاجروں نے حاجی کیمپ میں رضاکارانہ سہولیات فراہم کیں‘فیصل آبادچیمبر
فیصل آباد (بیورورپورٹ) فیصل آباد کے عازمین حج کو حاجی کیمپ میں رضاکارانہ طور پر سہولتیں مہیا کرنے کے سلسلہ میں فیصل آباد کی تاجر برادری نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر شیخ فاروق یوسف نے اس سلسلہ میں ایگزیکٹو کے رکن حاجی محمد امجد کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حاجی محمد امجد ایف سی سی آئی کی قائمہ کمیٹی برائے حج کے چیئرمین کے علاوہ ضلعی حج کمیٹی کے بھی سینئر ممبر ہیں ۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ کے مہمانوں کی خدمات کو اپنا اولین مشن بنا رکھا ہے اور وہ ہر سال نہ صرف ان کی دیکھ بھال کا فریضہ سر انجام دیتے ہیں بلکہ انہیں حاجی کیمپ میں قیام کے دوران زیادہ سے زیادہ سہولتیں بھی مہیا کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ فیصل آباد سے براہ راست حج پروازوں کے ساتھ ہی شروع ہو گیا تھاجو کہ گزشتہ کئی سالوں سے بلا تعطل جاری ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حاجی محمد امجد کی خدمات کے اعتراف کے طور پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نہ صرف ان کا مشکور ہے بلکہ انہیں خصوصی اعزاز سے بھی نوازے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو بھی حاجی محمد امجد کی ان خدمات کے نتیجہ میں انہیں حسن کارکردگی کا خصوصی ایوارڈ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح جہاں خدمت خلق کے کاموں میں مصروف لوگوں کی حوصلہ افزائی ہو گی وہاں دوسرے مخیر لوگوں کو بھی ایسے رفاعی ، فلاحی اور دینی کاموں میں بھر پو رحصہ لینے کی ترغیب ملے گی۔