کابل‘ خود کش حملے جنگی جرم کے برابر ہیں ، یو این مشن برائے افغانستان
نیو یارک (اے پی پی) افغانستان کے لئے اقوام متحدہ کے مشن نے کہا ہے کہ گردیز شہر کی مسجد میں جمعہ کی نماز کے دوران خود کش حملے جنگی جرم کے برابر ہیں جبکہ مشن نے ان خود کش حملوں کی شدید مذمت بھی کی ہے جن میں 48 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوئے ہیں ۔ افغانستان کے لئے اقوام متحدہ کے امدادی مشن ( یو این اے ایم اے ) کے سربراہ اور افغانستان کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندہ تدامیچی یاماموتو نے کہا ہے کہ معصوم اور بے گناہ شہریوں کو ہدف بنانے کا کوئی جواز نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں کے منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا نا بہت ضروری ہے کیونکہ بین الاقوامی قانون میں بھی بے گناہ شہریوں کے جان ومال کو ہدف بنانے کی ممانعت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی اجتماعات اور عبادت گاہوں پر ایسے حملے بین لاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور جنگی جرم کے برابر ہیں ۔