عالمی تنظیموں کا فلسطینی بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ
مقبوضہ بیت المقدس(اے پی پی)انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے فلسطینی بچوں کو بیماریوں اور جنگ وجدل سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین کے لیے عالمی مندوب برائے انسانی حقوق کے رابطہ کار جیمی میک گولڈریک، اقوام متحدہ کے مندوب برائے انسانی حقوق جیمز ہینان اور فلسطین میں عالمی تنظیم افطال ’یونیسیف‘ کے سربراہ جینیویو پوٹن نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جنگ، فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری کشمکش اور ابتر معاشی صورت حال کے باعث فلسطینی بچوں کا مستقبل مخدوش ہے۔تینوں عالمی اداروں نے غزہ کی پٹی میں حق واپسی ریلیوں میں حصہ لینے والے فلسطینیوں کو انتقامی کارروائیوں اور حملوں کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔انسانی حقوق کے مندوبین کا کہنا ہے کہ فلسطین میں بچوں کے بنیادی حقوق کی سنگین پامالیوں کا ارتکاب جاری ہے۔ انہیں مناسب خوراک، ادویات، علاج اور تعلیم کی سہولیات میسر نہیں ہیں۔ تینوں عالمی تنظیمیں بین الاقوامی برادری سے غزہ کی پٹی میں فلسطینی بچوں کو تحفظ دینے کا مطالبہ کرتی ہیں۔