پاکستان ایران اور سعودی عرب کے مابین تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہیں ، عمران خان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان، ایران اور سعودی عرب کے مابین تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنی گالہ میں ایران کے پاکستان میں سفیر مہدی ہنر دوست سے ملاقات کے دوران کیا۔ ایرانی سفیر نے انتخابات میں کامیابی پر ایرانی صدر کی جانب سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔ ملاقات میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، شیریں مزاریں اور نعیم الحق بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر عمران خان نے ایرانی صدر کی جانب سے تہنیتی پیغام پہنچانے اور مبارکباد دینے پر ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا ۔ عمران خان نے کہاکہ پاکستان ایران سمیت تمام ہمسائیوں کے ساتھ تجارت کا خواہاں ہے، پاکستانی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہمارا اہم ترین ہدف ہے۔ عمران خان نے کہا کہ اپنی سالمیت کے تحفظ کیلئے ایران کا کردار قابل تحسین ہے ٗپاکستان، ایران اور سعودی عرب کے مابین تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران کا دورہ کرنے اور تاریخی مقامات کی زیارت کی خواہش ہے۔ ایرانی سفیر نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ تعاون اور اشتراک کی تمام راہیں کھلی ہیں ٗایران علاقائی تعاون اور ترقی کے ایجنڈے میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ایرانی سفیر نے کہاکہ ایران پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کا بھی خواہاں ہے، ایرانی سفیر نے کہاکہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے سے پاکستان کا مستقبل بدل سکتا ہے انہوں نے کہاکہ ایران اس منصوبے کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعمیری بات چیت کیلئے تیار ہے۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ خطے کی صورتحال نہایت حساس ہے ٗایران خطے میں امن کیلئے پاکستان کی تجاویز کا خیرمقدم کرے گا۔علاوہ ازیں پولیس شہداء ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں عمران خان نے یوم شہدا پر جام شہادت نوش کرنے والے پولیس کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرأت و جوانمردی ہمارے جوانوں کا خاصہ ہے، پولیس نے ملک بھر میں نہایت مشکل اور نامساعد حالات میں اپنے فرائض سرانجام دیئے، تحریک انصاف پختونخوا کی طرح ملک بھر میں پولیس کیلئے اصلاحات لانے کا عزم کئے ہوئے ہے،چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پولیس کو پیشہ وارانہ مہارت اور قوت سے مسلح کرنا اہم ہے۔دریں اثناء امریکہ کی سینئر رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے عمران خان کو ٹیلیفون کر کے انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی اور نئی حکومت کی حمایت اور تعاون کا یقین بھی دلایا ۔ ذرائع کے مطابق شیلا جیکسن لی نے حکومت سازی کے بعد وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے کے عزم کااظہاربھی کیا۔