امریکہ ہماری فکر چھوڑ کر چین سے لئے گئے ، قرضوں کی واپسی کا سوچے ، اسد عمر

امریکہ ہماری فکر چھوڑ کر چین سے لئے گئے ، قرضوں کی واپسی کا سوچے ، اسد عمر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے متوقع وزیر خزانہ اسد عمر نے امریکا کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پاکستان کے چینی قرضوں کی فکر کرنے کے بجائے اپنے چینی قرضوں کی فکر کرے۔بلوم برگ کو دیئے گئے انٹرویو میں رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ ہمارے بیرونی قرضوں کی صورتحال سنجیدہ ہے لیکن ہمیں چینی قرضوں کا مسئلہ نہیں ہے۔واضح رہے کہ حال ہی میں امریکا کے سیکرٹری آف سٹیٹ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ وہ اس بات کی نگرانی کریں گے کہ آیا عمران خان کی نئی حکومت چینی قرضوں کی ادائیگی کیلئے آئی ایم ایف کے قرضوں کا استعمال تو نہیں کرے گی۔اس حوالے سے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ وہ پاکستان میں 60 ارب ڈالر سے زائد کے بیلٹ اینڈ روڈ انفراسٹرکچر منصوبوں میں مزید شفافیت لائیں گے اور مائیک پومپیو کے اس بیان کا جواب دیں گے۔اسد عمرنے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تمام منصوبے منظرعام پر لائے گی۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ 6 ہفتوں میں معیشت کی بہتری کیلئے 10 سے 12 ارب ڈالرز کی ضرورت ہے تاہم کوشش ہوگی کہ انتظام اس سے کچھ زیادہ ہو تاکہ خدشات کم رہیں۔اسد عمرنے کہا کہ رقم کے انتظام کیلئے اقدامات حکومت سازی کے بعد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ رقم حاصل کرنے کیلئے عالمی مارکیٹ میں بانڈز فروخت کیے جاسکتے ہیں، دوست ملکوں سے تعاون لیا جاسکتا ہے اور آئی ایم ایف پروگرام میں بھی جا سکتے ہیں۔اسد عمر نے بتایا کہ ان کی پارٹی خسارے کا شکار کمپنیوں جیسے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کی کوشش نہیں کرے گی۔متوقع وزیر خزانہ اسد عمر نے کہاکہ نئی انتظامیہ کے 100 دن کے اندر ریاست کے ماتحت چلنے والی کمپنیوں کو ایک 'ویلتھ فنڈ' میں منتقل کردیا جائے گا، تاکہ سیاسی مداخلت کو ختم کیا جاسکے، جیسا کہ سنگاپور کی تیماسک ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کچھ کمپنیوں کا کنٹرول حکومت بھی سنبھال لے گی، خصوصاً قومی ایئرلائن کو، جس کا خسارہ 367 ارب روپے ہے تاکہ فضائی کمپنی کو نئے سرے سے اپنے پیروں پر کھڑا کیا جاسکے۔
اسد عمر

مزید :

صفحہ اول -