نیب کی تحقیقات کا مطلب یہ نہیں میں مجرم ہوں،عبدالعلیم خان
اسلام آباد(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے ای او بی آئی کا کیس سپریم کورٹ میں چل رہا ہے اس پر کیسے میرے خلاف میڈیا ٹرائل کیا جا سکتا ہے، کے پی کے میں تحریک انصاف کی حکومت 5 سال رہی مگر میں نے وہاں کوئی سرمایہ کاری نہیں کی، نیب کی تحقیقات کا مطلب یہ نہیں کہ میں مجرم ہوں ۔اگر میں کسی عہدے کیلئے نامزد ہوا تو اپنے کاروباری معاملات کی نگرانی کسی اور کو د ید وں گا مگر دیکھ بھال کرتا رہوں گا۔ میں عمران خان کی انتخابی مہم چلاتا رہا جس کی وجہ سے میں اپنے حلقے پرتوجہ نہیں دے سکا۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی ک وانٹر ویو دیتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا میں اپنے فلیٹس کی تمام دستاویزات جمع کر ا چکا ہوں میری آف شور کمپنی دبئی میں رجسٹر ہے ہم نے ای او بی آئی کو مارکیٹ کی قیمت پر پلاٹ بیچے تھے اگر کسی کو لگتا ہے یہ پلاٹ مہنگے فروخت کئے گئے ہیں تو وہ ہمیں واپس کر کے قیمت وصول کر سکتا ہے۔ مجھے سپریم کورٹ نے جھوٹا قرار نہیں دیا میڈیا مجھے مجرم قرار نہیں دے سکتا سیاست میں لوگ حسد کی بنیاد پر الزامات لگاتے ہیں مجھے اپنی والدہ کی وفات کے بعد جائیداد میں حصہ ملا ہے جس کی تفصیلات ایف بی آر اور الیکشن کمیشن کے پاس موجود ہیں۔ ماضی کی حکومتوں نے میرے خلاف ہر طرح کی تحقیقات کیں مگر کوئی الزامات ثابت نہیں ہو سکے۔ عمران خان کو وزیراعظم بنانے کیلئے سیاست میں آیا تھا، اگر عمران خان مجھے کہیں سیاست چھوڑ دو تو میں سیاست چھوڑ دوں گا ۔