لوگ جلد تبدیلی اور بڑے فیصلوں کی امیدرکھتے ہیں، فواد چودھری
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف حالیہ الیکشن میں برتری حاصل کرکے حکومت بنانے جارہی ہے۔ عمران خان کیلئے اپنے دور حکومت میں سب سے بڑا مسئلہ ان سے وابستہ توقعات ہوں گی کیونکہ انہوں نے خود ہی قوم کو بڑے بڑے سپنے دکھائے اور اگر وہ ان سپنوں کو حقیقت کا روپ نہ دے سکے تو ان کیلئے بہت مشکلات ہوں گی۔عمران خان کے علاوہ تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کو بھی ان چیلنجز کا اندازہ ہے جن کا پہلی بار اقتدار میں آنے والی جماعت کو مقابلہ کرنا پڑے گا۔ انہی لوگوں میں سے ایک تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری بھی ہیں جنہوں نے پارٹی کے اکابرین کو ناصح بن کر مشورہ دیا ہے۔فواد چودھری نے ٹوئٹر پر لکھا ’ تحریک انصاف کی سب سے بڑی اپوزیشن وہ توقعات ہیں جو لوگوں نے ہم سے وابستہ کی ہیں، ہمارے اکابرین یہ ذہن نشین کر لیں کہ کابینہ کی پوزیشن پھولوں کی سیج نہیں کانٹوں کا بستر ہو گی۔ لوگ جلد اور موثر تبدیلی چاہتے ہیں اور بڑے فیصلوں کی امید رکھتے ہیں۔