تمام حلقے کھل جائیں تو پی ٹی آئی فارغ ہو جائے گی، سعد رفیق
لاہور (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات میں دھاندلی کے معاملہ پر تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں یہ الیکشن نہیں بلکہ سلیکشن تھی ،تمام حلقے کھولے جائیں توپی ٹی آئی کا وائٹ واش ہو جائیگا، لاہور ہائی کورٹ بار میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جن حلقوں میں دھاندلی کے الزامات لگائے جا رہے ہیں وہ تمام حلقے کھلنے چاہئیں۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی دھاندلی کے الزامات لگائے جا رہے ہیں جبکہ ایم کیو ایم حکومت کے ساتھ ہونے کے باوجود دھاندلی کا رونا رو رہی ہے۔ عمران خان اگر مخلص ہیں تو دوبارہ گنتی کیوں نہیں کرواتے، عمران خان نے دوہرا رویہ اپنا رکھا ہے، میڈیا پر آ کر حلقے کھولنے کا بیان دیتے ہیں جبکہ بابر اعوان عدالت میں دفاع کر رہے ہیں، عمران خان امپائر کو اپنے ساتھ ملا کر کھیلتا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میرے دونوں ایم پی اے دوبارہ گنتی میں کامیاب ہوئے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ عمران خان یہ سیٹ رکھیں مگر وہ چھوڑ رہے ہیں اگر وہ وزیراعظم بن گئے تو الیکشن ٹربیونل کے فیصلے پر ڈی سیٹ ہوں گے۔
سعد رفیق