عمران خان نے ملکی مسائل کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا،جمشید اقبال چیمہ
لاہور (نمائندہ خصوصی ) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے باضابطہ قیام کے بعد ملک میں نئے دور کا آغاز ہوگا ،تمام ممالک سے برابری کی سطح پر تعلقات قائم کئے جائیں گے اور پاکستان کے مفادات کو ترجیح دی جائے گی ،صنعت ، زراعت کی ترقی اور بیروزگاری کے خاتمے کیلئے ماہرین کے تعاون سے ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے جس پر آنے والے دنوں میں عملدرآمد شروع کردیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف شعبوں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وفد کی جانب سے مختلف شعبوں میں اصلاحا ت کیلئے تحریری تجاویز بھی پیش کی گئیں ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ملک کو درپیش گھمبیر مسائل سے آگاہ ہیں اور انہوں نے انہیں چیلنج کے طو رپر قبول کیا ہے ۔ترقی کے دعویدار سابق حکمرانوں نے ملک کو قرضوں میں جکڑ دیا ہے جس کے ہر شعبے پرمنفی اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنا ہوم ورک مکمل کر رکھا ہے اور حکومت کے باضابطہ قیام میں آنے کے بعد اس پر عملدرآمد شروع کر دیا جائے گااور اس کے لئے ہمیں پوری قوم کی مدد اور تعاون درکار ہوگا۔ عمران خان کا واضح اعلان ہے کہ ہم سب سے پہلے اپنی عوام پر خرچ کریں گے اور اس سلسلہ میں تعلیم اور صحت کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے گا ، کروڑوں عوام کو خط غربت سے اوپر لانے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے
جمشید چیمہ