لاہور پولیس نے یومِ شہداء جذبہ حب الوطنی کے تحت منایا
لا ہور (کر ائم رپو رٹر)لاہور پولیس نے یومِ شہداء انتہائی جوش و جذبہ اور جذبہ حب الوطنی کے تحت منایا۔ اس موقع پر پولیس کے اعلیٰ افسران نے شہر کے مختلف مقامات پرعوام کی جان و مال کا تحفظ کرتے ہوئے جانوں کانذرانہ پیش کرنے والے عظیم شہداء کی قبروں پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائیں۔ اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہداء کی قبروں پر سلامی دی اوربلند درجات کیلئے دعابھی کروائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی او لاہور کیپٹن(ر) لیاقت علی ملک نے کیولری گراؤنڈ میں ڈی آئی جی شہید کیپٹن(ر) سید احمد مبین کی قبر پر حاضری دی اس موقع پرایس پی صدر ٹریفک سردار آصف اور ڈی آئی جی شہید کیپٹن(ر) سید احمد مبین کی والدہ بھی موجود تھیں۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ملک اویس نے کوٹ لکھپت میں شہید سب انسپکٹر منظور کی قبر پر حاضری دی ،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یومِ شہداء منانے کا بنیادی مقصد عوام کی جان و مال کے تحفظ کی خاطر اپنی جان قربان کرنے والے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔ لاہور پولیس کے 305 افسران وجوانوں نے اس شہر کے امن کو برقرار رکھنے کیلئے اپنا خون بہایا ہے۔ یومِ شہداء امن قائم رکھنے کیلئے تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ایس ایس پی آپریشنز لاہور اسد سرفراز خان نے کوٹ وڈاھا نشترکالونی قبرستان میں شہید کانسٹیبل اعظم کی قبر پر حاضری دی اور اس موقع پر کہا کہ ہمیں اپنے شہداء کی قربانی پر فخر ہے۔ شہداء نے اپنا خون دے کر اس شہر کے امن کو قائم کیا۔ ہم شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔