شہداء کی فمیلیز کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے،آئی جی
لاہور)کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ عظیم قومیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں ، پنجاب پولیس بھی پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے اپنے بہادر شہداء کی فیملیز کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی اور انکی فلاح و بہبود کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس کے 15ادارے مل کر ایک ہی دن اپنے شہداء کی لازوال قربانیوں کے اعتراف میں باوقار اور مثالی تقریبات کا انعقاد کررہے ہیں جس کا مقصد قوم کے بہادر سپوتوں کو انکی قربانیوں کے شایان شان عقیدت پیش کرنا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ یوم شہداء کی مناسبت سے صوبے کے تمام اضلاع میں سینئرپولیس افسران نے اپنے شہداء کی آخری آرام گاہوں پر فاتحہ خوانی کے ساتھ ساتھ انکے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں لاہور پولیس کے شہداء کی یادگار پر پھول چڑھانے اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے شہداء کے ورثا ء اور انکے بچوں سے ملاقات کرتے ہوئے انکے مسائل بھی دریافت کئے ۔ انہوں نے کہا کہ آپکے تمام مسائل کافوری حل میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
اور پنجاب پولیس زندگی کے ہر مشکل لمحے میں آپکے شانہ بشانہ موجود رہے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ شہدا ء کی قربانیوں نے پوری فورس کا مورال اور عزم وحوصلہ مزید بلند کردیا ہے ۔