نواز شریف نے شفقت ، اعجاز الحق نے ہمیشہ غداری کی، نور الحسن تنویر
لاہور(سٹاف رپورٹر) مصنوعی مینڈیٹ کا انجام ٹھیک نہیں ہو گا، عوام کی حاکمیت اور ووٹ کی عزت کو تسلیم کرنا ہو گا، ان خیالات کا اظہار این اے 169 بہاولنگر سے اعجاز الحق کو ہرانے والے مسلم لیگ ن کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی چوہدری نور الحسن تنویر نے روزنامہ’’پا کستا ن‘‘ کے ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر کیا۔ مسلم لیگ ن کے سنٹرل ورکنگ کمیٹی اور پارلیمانی بورڈ کے رکن چوہدری نور الحسن تنو یر نے کہا این اے 169 بہاولنگر سے اعجاز الحق کو 21 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی ہے۔اعجاز الحق دوبارہ گنتی کرانا چاہتے ہیں تو کھلی پیشکش ہے جب چاہیں حلقہ کھلوا لیں، ہماری لیڈ بڑھ جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں نو منتخب قومی اسمبلی نے کہا قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے ہمیشہ اعجاز الحق کیساتھ شفقت کی اور اعجاز الحق نے ہر بار غداری کی۔ مشرف دور میں ہیلی کاپٹر کیس میں اعجاز الحق نے نواز شریف کیخلاف جھوٹی گواہی دی۔ 2013میں ہمارے کہنے پر اعجاز الحق کو معافی ملی۔ 1997ء سے بہاولنگر میں مسلم لیگ ن نے اعجاز الحق کی حمایت کی لیکن 2017ء میں اعجاز الحق نے ایک بار پھر وفاداری بدل لی اور تحریک انصاف کی حمایت سے الیکشن لڑا۔ چوہدری نور الحسن تنویر نے کہا نواز شریف کی ذاتی دلچسپی پر صرف 2ماہ پہلے الیکشن میں حصہ لیا، ایک سوال پر نو منتخب ایم این اے نے کہا کسی بھی عدالت میں نواز شریف پر کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ یہ عوام کی جیت ہے۔ مصنوعی مینڈیٹ لانیوالوں کو سوچنا ہو گا۔ووٹ کو عزت دیئے بغیر کوئی ادارہ محفوظ نہیں رہے گا۔ آپ جانتے ہیں پندرہ لاکھ کے قریب ووٹ مسترد کئے گئے۔ عوام کے حقیقی نمائندوں کو مینڈیٹ ملے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔ جلد ہی نواز شریف دوبارہ عوام میں ہوں گے اور اقتدار حقیقی نمائندوں کے پاس ہو گا۔
نور الحسن تنویر