شہدائے پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف شہروں میں تقریبات

شہدائے پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف شہروں میں تقریبات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد،پشاور( نیوز ایجنسیاں) ملک بھر میں یوم شہدائے پولیس منایا یا گیا جس کا مقصد اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جان قربان کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔لاہور کے مال روڈ میں یادگار شہدا پر فرض کی خاطر جان قربان کرنے والوں کی یاد میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں انسپکٹر جنرل (آئی جی)پنجاب سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی یوم شہدائے پولیس کی مناسبت سے کراچی، لاہور، گوجرانوالہ، بہاولپور سمیت دیگر شہروں میں بھی تقریبات منعقد کی گئیں ، ملک کے مختلف حصوں میں وطن کی خاطر جاں وارنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری رہا ۔تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کلیم امام نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیوں نے پوری فورس کے حوصلوں کو بلند کیا ، ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔پنجاب پولیس کے سربراہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے قربانیوں سے دریغ نہیں کرے گی۔یوم شہدائے پولیس کے موقع پر چیف ٹریفک آفیسر(سی ٹی او)لیاقت ملک نے لاہور کے کیولری گراؤنڈ شہدا قبرستان میں حاضری دی۔ انہوں نے شہدا کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی اور کیپٹن (ر) احمد مبین شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی.کیپٹن(ر)احمد مبین لاہور کے مال روڈ پر دہشت گردی کے ایک واقعہ میں شہید ہو گئے تھے۔یوم شہدائے پولیس کے موقع پرکیپٹن (ر) احمد مبین شہید کی والدہ اور دیگر شہدائے پولیس کے ورثا کی بڑی تعداد نے اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری دی۔ لاہور میں ایس ایس پی انوسٹی گیشن ملک اویس نے کوٹ لکھپت میں شہید سب انسپکٹر منظور کی قبر پر حاضری دی۔ اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کی قبر پر سلامی دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ملک اویس نے کہا کہ لاہور پولیس کے 305 جوانوں نے اس شہرکے امن کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا خون بہایا۔ یوم شہدا امن قائم رکھنے کے لیے تجدیدعہدکادن ہے۔پشاور میں شہید کمانڈنٹ ایف سی صفت غیور سمیت دیگر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا،شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور پولیس، ایف سی کے دستوں نے سلامی پیش کی۔فرنٹئیر کانسٹیبلری کے کمانڈنٹ صفت غیور 4 اگست کو خودکش حملے میں شہید ہوگئے تھے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کے 1300 اور ایف سی کے 354 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا ۔تقریب میں آئی جی خیبرپختونخوا پولیس محمد طاہر اور ایف سی حکام نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی زکریا نے کہا کہ وطن کی خاطر صفت غیور شہید اور دیگر قابل فخر شہدا ء کی گراں قدر خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔فرنٹیئر کانسٹیبلری کے ڈپٹی کمانڈنٹ نے کہا کہ شہدا ء کے خاندانوں کی بہتر کفالت پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔
پولیس تقریبات

مزید :

صفحہ آخر -