چیف جسٹس اور نگران وزیراعظم کا ’’ دیامیر‘‘ میں12 سکول جلائے جانے کا نوٹس
لاہور/اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک)چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثارنے گلگت بلتستان میں 12سکولوں کونذر آتش کرنے کے واقعہ پر ازخود نوٹس لے لیا،چیف جسٹس نے 48 گھنٹوں میں واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے،سپریم کورٹ نے سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری گلگت بلتستان و کشمیر افیئرز کو نوٹس بھی جاری کر دیئے ہیں۔چیف جسٹس نے گلگت بلتستان میں 12سکولوں کو نذر آتش کرنے کی خبر پر از خودنوٹس لیا ہے۔دوسری جانب نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک نے دیامیر میں لڑکیوں کے سکول جلائے جانے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔نگران وزیراعظم نے کہاکہ واقعے میں ملوث افراد کی نشاندہی کرکے ان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور چلاس میں سکول جلائے جانے کے واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔ وزیر اعلیٰ نے نگران وزیر اعظم کو واقعہ کی تحقیقات میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق آگاہ رکھا جائے۔جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نے کہا کہ بچوں کو تعلیم کی سہولت سے محروم کرنے کی کوشش قابل قبول نہیں لہٰذا ملوث افراد کے خلاف قانون کے تحت کارروائی یقینی بنائی جائے۔