انتخابات کے حوالے سے آئینی زمہ داری پوری کی،نتائج نے الزامات غلط ثابت کر دیئے

انتخابات کے حوالے سے آئینی زمہ داری پوری کی،نتائج نے الزامات غلط ثابت کر دیئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبرپختونخواہ کے نگران وزیر اعلیٰ سابق جسٹس دوست محمد نے کہا ہے کہ ہم نے انتخابات کے حوالے سے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کی ۔25 جولائی کو ہماری ذمہ داری شام 6 بجے تک کی تھی، پولنگ ڈے پر امن و امان کے قیام اور ووٹرز کو حق رائے دہی استعمال کرنے کے لئے پر امن ماحول کی فراہمی کے بعد ہماری ڈیوٹی ختم ہو گئی، شام 6 بجے کے بعد کیا ہوا اس سے ہمارا کوئی سروکار نہیں۔ ایوان وزیر اعلیٰ پشاور میں روز نامہ پاکستان کو دیئے گئے تفصیلی انٹرویو میں نگران وزیر اعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مجھ پر تحریک انصاف کی جانب سے مخصوص گروپ کے ساتھ بریکٹ کئے جانے والے الزامات بے بنیاد اور خود ساختہ تھے، اگر وہ درست ہوتے تو انتخابی نتائج یہ نہ آتے۔ رزلٹ نے خود ہی ان الزامات کی تردید کر دی ہے،ایوان وزیر اعلیٰ کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پاکستان بچانے کے فارمولے کے تناظر میں آئین اور عدالتیں معطل کرنے کی بات سیاق و سباق سے ہٹ کر ہے، وزیر اعلیٰ نے ملک کی موجودہ بحرانی کیفیت کے حوالے سے محض تجویز پیش کی تھی تاہم اس میں آئین یا عدالتیں معطل کرنے کی بات شامل نہیں تھی۔
پشاور( سٹاف رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سابق جسٹس دوست محمد خان نے محکمہ موسمیات کی صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز بارشوں کی وجہ سے سیلاب کے ممکنہ خطرات ،سیلابی ریلوں ، زندگی اور پراپرٹی کو نقصان پہنچنے کی پیشن گوئی پر تمام ضلعی انتظامیہ کو ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ آج یہاں سے سرکاری طور پر یہ بات بتائی گئی کہ وزیراعلیٰ نے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ضلعی حکومتوں ، ریسکیو1122 ، پی ڈی ایم اے اور ریلیف کی دیگر ایجنسیوں کو بھر پور تیاری کرنے اور ہمہ وقت مستعد رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ دوست محمد خان نے کہاکہ قدرتی آفات ایک قدرتی امر ہے جو انسانی بس سے باہر ہے ۔ تاہم یہ انسانی غفلت کی وجہ سے شدید شکل میں ہمیں خطرات اور نقصانات سے دوچار کر رہا ہے ۔ زندگی بچانا اور نقصانا ت کا ازالہ کر نا حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ اُنہوں نے ہدایت کی کہ لوگوں کو سیلاب اور دیگر آفات کے وقت ریلیف دینا اُن کا انخلاء اور محفوظ جگہوں پر منتقلی کیلئے ضلعی سطح پر تمام متعلقہ حکام اپنی ذمہ داریوں کی احسن ادائیگی یقینی بنائیں۔اُنہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ممکنہ سیلاب کی صورت میں متاثرین کے ساتھ ساتھ رہیں۔اُن کی تکالیف کم کریں اور اُنہیں احساس د لائیں کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ادارے اُنکی ہمہ وقت خدمت کیلئے موجود ہیں ۔اُنہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی سطح پر تیاریاں پیشگی ہونی چاہیے اور حفاظتی اقدامات کے ذریعے خطرات اور نقصانات کے اثرات کم سے کم کرنے کیلئے مضبوط اقدامات ہونے چاہئیں ۔ محکمہ صحت ، ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر علاج معالجے اور فرسٹ ایڈ کی فراہمی کیلئے پیشگی تیار پکڑیں ۔
پشاور( سٹاف رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سابق جسٹس دوست محمد خان نے شبقدر ڈاکخانہ کے احاطہ میں پانی جمع ہونے کے حوالے سے خیبرنیوز کی رپورٹ پر فوری ایکشن لیتے ہوئے بلاتاخیر پانی نکالنے کی ہدایت کی ۔ یہاں سے جاری اپنی ہدایات میں نگران وزیراعلیٰ نے پوسٹ ماسٹر جنرل ، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ شبقدر کو فوری اقدامات کرنے اور پانی جمع ہونے کی وجوہات کا پتہ لگانے کی ہدایت کی ہے ۔اُنہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ پانی کے جمع ہونے کا مکمل تدارک کیا جائے ۔ مزید برآں اُنہوں نے پوسٹ ماسٹر جنرل کو پنشن لینے والے خواتین وحضرات کیلئے سایہ دار شیڈ بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ دھوپ اور بارش کی صورت میں عوام کو تکلیف سے بچایا جا سکے ۔ اُنہوں نے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو مستقل بنیادوں پر نکاسی آب کا حل نکالنے کی ہدایت کی ۔