کراچی پولیس کی بڑی کارروائی ،متحدہ ٹارگٹ کلرز سمیت 7ملزمان گرفتار
کراچی (کرائم رپورٹر)گلبرگ پولیس کی بڑی کارروائی، ایم کیو ایم لندن کے پانچ ٹارگٹ کلرز سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان پولیس اہلکار سمیت پانچ افراد کے قتل میں ملوث ہیں۔ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ہفتہ کو ایس ایس پی سینٹرل عرفان بلوچ نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اپوا کالج گراؤنڈ موسی کالونی ایف بی ایریا میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے پانچ ٹارگٹ کلرز محمد کامران عرف پیجر، عامر عرف چلی، محمد عرفان، محمد عمران اور سید اورنگزیب علی عرف منا کو گرفتار کیا۔ ملزمان نے سال 2015 میں سلیم اور عامر خان کو سنی فرقے کی بناپرقتل کیاتھا، گرفتار ملزم کامران عرف پیجر پاپوش نگر میں یونٹ انچارج تھا، گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں پولیس کانسٹیبل محمد مشتاق سمیت پانچ افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔ایس ایس پی سینٹرل نے کہا کہ دوملزم ثقلین اور مہدی کوگرفتار کیاگیاہے گرفتار ملزمان نے گزشتہ دنوں دونوجوانوں کو بینک کی ملازمہ کوتنگ کرنے کی بناکر برہنہ کرکے تشددکیاتھا،تشدد کانشانہ بننے والے نوجوان رینٹ پرگاڑی چلاتے ہیں،گرفتار ملزم ثقلین نے نوجوانوں پرتشددکیاتھا اور مہدی نے ویڈیو بنائی، ملزمان نے برہنہ نوجوانوں پرتشدد کی ویڈیوسوشل میڈیا پروائرل کی تھی۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک عدد نائن ایم ایم پستول، پانچ راؤنڈ اور چار عدد تیس بور پستول اور بیس راؤنڈ برآمد ہوئے ہیں۔ گرفتار ملزمان کیخلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔